عالیہ بھٹ، ریتیک روشن آسکر ایوارڈز میں مدعو

Taasir Urdu News Network | Los Angeles (California)  on 03-July-2020

لاس اینجلس: بالی ووڈ اسٹار عالیہ بھٹ اور ریتیک روشن آسکر ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کریں گے، انہیں ‘اکیڈمی آف موشن پکچر آرٹس اینڈ سائنسز ‘کی جانب سے دعوت نامے بھی موصول ہوگئے ہیں۔اکیڈمی کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق اس بار دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے 819 فن کاروں اور دیگر اہم شخصیات کو تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ ان میں عالیہ اور ہرتیک کے ساتھ ساتھ بھارتی فلم انڈسٹری کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی 8 شخصیات بھی شامل ہیں۔ان شخصیات میں کاسٹییوم ڈیزائنر نیتا لولا، دستاویزی فلم ڈائریکٹر اور ‘گلاب گینگ’، ‘لکشمی’ اور ‘می’ جیسی فلمیں ڈائریکٹ کرنے والی نشاتا جین، فلم ‘کمینے’ اور ‘مون سون ویڈنگ’ کی مصنفہ سبرینہ دھون، ‘گلی بوائے’ اور ‘لائف آف پی’ کی کاسٹنگ ڈائریکٹرز نندنی شری کانت اور فلم ‘لائن’ کے کاسٹنگ ڈائریکٹر ٹیس جوزف، ویڑول ایفکٹ آرٹسٹس وشال آنند و سندیپ کنول اور ڈیجیٹل اسٹریمنگ کمپنی ‘کیوبے سنیما ٹیکنالوجیز’ کے معاون بانی سینتھل کمار شامل ہیں۔مجموعی طور پر تقریب میں مدعو کیے جانے والے 819 افراد کی شرکت سے اکیڈمی ایوارڈ کی ممبر شپ 9 ہزار 4 سو 12 رکنی ہو جائے گی۔ان میں 45 فی صد خواتین اور 36 فی صد مردوں کی نمائندگی موجود ہے۔ 89 فی صد اراکین کا تعلق دنیا کے 68 ممالک سے ہے۔جن شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے وہ 93 ویں اکیڈمی ایوارڈز میں ووٹ دینے کے اہل ہوں گے۔اکیڈمی کے صدر ڈیوڈ روبن کا کہنا ہے کہ اکیڈمی آف موشن پکچرز آرٹس اینڈ سائنسز مہمانوں کا خیر مقدم کرتی ہے۔ان کے بقول ہم نے ہمیشہ غیر معمولی صلاحیتیں رکھنے والوں کو سراہا ہے۔ ان کی شرکت عالمی برادری کی نمائندگی کا باعث ہوگی۔آسکر ایوارڈ یافتہ جنوبی کوریا کی فلم ‘پیراسائٹ’ کے ستاروں جنگ ہی جن، جوییو جیونگ، پارک سوڈیم اور لی جنگ ایون کو بھی مدعو کیا گیا ہے جب کہ اس فہرست میں ہدایت کار لولو وانگ، ایری آسٹر، ٹیرنس ڈیوس، میتھیو وون، رابرٹ ایگرز، میٹ ریوس اور الما ہاریل بھی شامل ہیں۔