فلم دل بیچارہ کے ٹریلر نے ’اوینجرز: اینڈ گیم‘ کو پیچھے چھوڑ دیا

Taasir Urdu News Network | Mumbai  (Maharashtra)  on 11-July-2020

ممبئی: خودکشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بولی وڈ ادکار سشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کے ٹریلر نے ’اوینجرز: اینڈ گیم‘ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نیا ریکارڈ بنا دیا۔دو روز قبل یوٹیوب پر ریلیز ہونے والے سشانت سنگھ کی آخری فلم کے ٹریلر نے یوٹیوب پر سب سے زیادہ کمائی کا ریکارڈ قائم کرنے والی ہولی وڈ فلم ’اوینجرز: اینڈ گیم‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’دل بیچارہ‘ کے ٹریلر کو یوٹیوب پر محض 24 گھنٹوں میں ہی54لاکھ سے زائد بار لائک کیا گیا جبکہ ’اوینجرز: اینڈگیم‘ کے ٹریلرکو اتنے ہی وقت میں 22 لاکھ سے زائد بار اور دوسرے ٹریلر کو ابتدائی 4 گھنٹوں میں 29 لاکھ سے زائد بار لائک یعنی پسند کیا گیا۔سشانت کی فلم کے ٹریلر کا یہ ریکارڈ یوٹیوب پر پسندیدگی کے حوالے سے ہے کیونکہ ویوز کے لحاظ سے دیکھا جائے تو ’دل بیچارہ‘ کے ٹریلر کو 24 گھنٹوں میں ڈیڑھ کروڑ بار دیکھا گیا جبکہ اوینجرز: اینڈ گیم کے ٹریلر کو دیکھنے والوں کی تعداد 23 کروڑ رہی۔ اداکار سشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم دل بے چارہ ہولی وڈ فلم ’دی فالٹ ان آر اسٹار‘ کا ہندی ریمیک ہے، اس فلم میں سشانت کے ہمراہ سنجنا سانگھی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، سنجنا نے اس فلم کے ساتھ بولی وڈ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔ٹریلر میں شامل سشانت کا ڈائیلاگ ’جنم کب لینا ہے اور کب مرنا ہے اس کا فیصلہ ہم نہیں کر سکتے، لیکن جینا کیسے ہے اس کا فیصلہ ہم کر سکتے ہیں‘ بھی خوب وائرل ہوا تھا۔