محکمہ صحت کی 107ٹیموں نے کورونا وائرس کے تئیں بیداری مہم چلائی

Taasir Urdu News Network | Deoband (Uttar Pradesh) on 07-July-2020

دیوبند: دیوبند میں 5جولائی سے 15جولائی تک چلنے والے کورونا سروے کے تیسرے دن بھی محکمہ صحت کی107 ٹیموں نے پولیو مہم کی طرح گھر گھر جا کر علامت والے شخص کی لائن لسٹنگ کی اور لوگوں کو کورونا کے تئیں بے دار کیا ۔سی ایچ سی انچارج ڈاکٹر اندراج سنگھ نے بتایا کہ دیوبند بلاک میں اب تک 6243گھروں میں سروے کیا جا چکا ہے جس کے تحت قریب 33427لوگوں کی جانچ کی گئی ہے جس میں بخار سے متاثر افراد کی تعداد 32رہی اور سانس سے متعلق بیماری میں مبتلہ 14لوگ ،نذلہ کھانسی والے18،شگر والے 183،بلڈ پریشر والے 60،کینسر کے12، عارضہ قلب سے متاثرہ 29مریض اورگردے میں انفیکشن والے9مریض پائے گئے ہیں جن پر نظر رکھی جا رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیم جب شاشتری چوک پر پہنچی تو وہاں پر کچھ لوگوں نے ٹیم کی مخالفت کرتے ہوئے انہیں سروے کرنے سے روکنے کی کوشش کی ،اطلاع پاکرانہوں نے اعلی افسران کے ساتھ موقع پر پہنچ کرنوجوانوں کو سمجھا بجھا کر ان غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے سروے کو دوبا رہ شروع کرایا ۔ ڈاکٹر اندراج سنگھ نے بتایا کہ لوگ اس سروے کو این پی آر ،این آر سی اور سی اے اے کا سروے سمجھ رہے ہیں جو صحیح نہیں ہے انہوں نے بتایا کہ کورونا سروے کے تحت گھر گھر پہنچ کر لوگوں کو بیدار بھی کیا جارہا ہے اور اس وبائی مرض سے بچنے کے معلق معلومات بھی فراہم کرائی جارہی ہے ،انہوں نے لوگوں سے کووڈ 19سرویلانس مہم میں تعاون کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سروے کو این آر سی ،این پی آر یا سی اے اے کاسروے نہ سمجھیں۔ڈاکٹر اندراج سنگھ نے بتایا کہ پیر کے روز آئی رپورٹ میں مزید3افراد کورونا مثبت آئے ہیں جبکہ22لوگوں کی کورونا رپورٹ منفی آئی ہے ،انہوں نے بتایا کہ کورونا متاثرہ لوگوں میں شہر کے سبھاش چوک پر واقع ایک ڈاکٹر کے یہاں کام کرنے والا 25سالہ نوجوان ،مین بازار میں کریانہ کی دکان کرنے والے تاجر کا 35سالہ بیٹا اور شہر کے شمشان گھاٹ پر کام کرنے والا 40سالہ نوجوان شامل ہے سبھی کے تمام نزدیکی لوگوں کے سیمپل لیکر جانچ کے لئے بھیجے جائیں گے ،انہوں نے بتایا کہ اب دیوبند تحصیل میں کل کورونا مثبت لوگوں کی تعداد 152ہو گئی ہے جبکہ ایکٹیو کیس کل 27ہیں ،وہیں ڈاکٹر اندراج سنگھ نے شہر کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ محکمہ صحت کی ٹیم کا تعاون کرتے ہوئے سروے کو لیکر کسی کے بہکاوے یا الجھن میں نہ پڑیں ۔یہ ہماری حفاظت کے لئے اٹھایا گیا قدم ہے ۔