وزیراعلیٰ رہائش گاہ کورونا کی زد میں ، پروفیسر غلام غوث اور ان کی اہلیہ بھی متاثر

Taasir Urdu News Network | Patna (Bihar) on 08-July-2020

پٹنہ: بہار میں کورونا نے ہاہاکار مچا رکھا ہے۔ روزانہ کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ عوام کی بات کون کرے اب تو خواص بھی اس وبا کی زد میں آنے لگے ہیں۔ ریاست کے وزیراعلی نتیش کمار تو خود بچ گئے ہیں لیکن ان کی رہائش گاہ محفوظ نہیں رہ سکا ہے۔ ان کی بھتیجی جو ان کی رہائش گاہ پر رہتی ہیں کورونا پازیٹیو پائی گئی ہیں۔ جس کے سبب وزیراعلی رہائش گا ہ کوپوری طرح سینیٹائزڈ کیا گیا ہےساتھ ہی 6ڈاکٹر تین نرسوں کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ ایک وینٹی لیٹر کا بھی نظم کیا گیاہے۔ حالانکہ وزیراعلی نتیش کمار تو اس سے متاثر نہیں ہیں ان کی رپورٹ نگیٹیو آئی تھی ۔چند روز قبل بہار قانون ساز کونسل کے کارگذار چیئر مین اودھیش نارائن سنگھ کورونا پازیٹیو پائے گئے تھے۔ پھرکیا تھا اقتدار کی کرسی پر بیٹھے لوگوں میں افراد تفری مچ گئی ۔ اودھیش نرائن سنگھ ان کی اہلیہ اور دیگر اہل خانہ کا علاج ایمس میں چل رہا ہے۔ بہار قانون ساز کونسل کو 12جولائی تک مقفل کردیا گیا ہے۔ پوری بلڈنگ کو سینیٹائزڈ کرنے کے بعد ہی وہاں کام کا ج شروع ہوسکے گا۔یکم جولائی کو حلف برداری کے موقع پرجے ڈی یو کے نومنتخب رکن قانون ساز کونسل پروفیسر غلام غوث اور ان کی اہلیہ بھی کورونا پازیٹیو پائی گئی ہیں۔ ان لوگوں کا علاج بھی چل رہا ہے۔ یکم جولائی کو قانون ساز کونسل کی اینکسی میں حلف برداری تقریب تھی جس میں نومنتخب ارکان نے حلف لیا تھا ۔ اس موقع پر وزیراعلی نتیش کمار ، نائب وزیراعلی سشیل کمار مودی ،بہار قانون ساز کونسل کے چیئر مین اودھیش نارائن سنگھ اوربہار قانون ساز اسمبلی کےا سپیکر وجے کمار چودھری بھی موجودتھے۔ ان تمام لوگوں نے اپنا ٹیسٹ کرایا ہے رپورٹ نگیٹیو آئی ہے۔آج ہی سیتا مڑھی کے پریہار اسمبلی حلقہ سے بی جے پی رکن اسمبلی گایتری دیوی بھی کورونا پازیٹیو پائی گئی ہیں۔ ان کے خاوند اور دیگر اہل خانہ بھی زد میں آگئے ہیں۔ پٹنہ کی میئر سیتا ساہو کے صاحبزادے بھی کورونا کی زد میں آگئے ہیں۔ خلاصہ کلام یہ کہ حالات انتہائی ناگفتہ بہ ہیں اور کورونا بے قابو ہوچکا ہے ایسے میں ہمیں سخت احتیاط برتنے اور جسمانی فاصلہ بنائے رکھنے کی اشد ضرورت ہے۔