پرینکا گاندھی جلد ہی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے مامی کے گھر شفٹ کریںگی

Taasir Urdu News Network | Lakhnau (Uttar Pradesh)  on 02-July-2020

لکھنؤ: کانگریس کی انچارج اور قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو لکھنؤ میں اپنا نیا آشیانہ تلاش کیا ہے۔ پرینکا جلد ہی لکھنؤ کے دوروں کے دوران حضرت گنج میں23/2 گوکھلے مارگ واقع اندرا گاندھی کی آنجہانی مامی شیلا کول کے گھر قیام کرنے آئیں گی۔ پرینکا کے قریبی ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے۔ کول کے اس مکان کی تزئین و آرائش کا کام مکمل ہوچکا ہے۔ سابق وزیر اعظم جواہر لال نہروکے ذریعہ لگایا ہوا پودا بھی یہاں موجود ہے۔ مہاتما گاندھی بھی اس گھر میںکئی بار آئے تھے۔ مستقل گھر نہ ہونے کی وجہ سے پرینکا کو لکھنؤ کے ہوٹلوں میں رہنا پڑاتھا۔مرکزی حکومت نے دہلی کے لوٹین زون میں واقع لوڈی اسٹیٹ کا سرکاری بنگلہ مرکزی حکومت نے واپس لینے کا خط پرینکا گاندھی کوبھیجا ہے۔ مرکزی حکومت کا کہنا ہے ایس پی جی سکیورٹی ملنے کی وجہ سے انہیں یہ بنگلہ الاٹ کیا گیا تھا لیکن اب ایس پی جی کی سکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، لہذا انہیں بنگلہ ایک ماہ کے اندر خالی کرنا پڑے گا۔ یہ بنگلہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے بعد پرینکا کو الاٹ کیا گیا تھا۔ پرینکا کے قریبی ذرائع کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے لکھنؤ منتقل ہونے کا پروگرام طے نہیں سکاتھا۔ تاہم اس کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے کہ وہ لکھنؤ کب شفٹ ہوںگی۔