پٹرول وڈیزل کی آسمان چھوتی قیمت سے عوام پریشان:محمد ثناءاللہ

Taasir Urdu News Network | Madhubani (Bihar)  on 04-July-2020

مدھوبنی: ہندوستان میں ایک طرف کورونا انفیکشن کا قہر بڑھتا جا رہا ہے اور دوسری طرف تیل کی قیمتوں میں اضافہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ عوام پریشان ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کیا کریں جب کہ ان کی جیب میں پیسے بھی نہیں اور مہنگائی ہے کہ بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ مرکز کی مودی حکومت کے اقدام سے بھی سبھی حیران ہیں کہ جہاں وہ کورونا پر قابو پانے میں ناکام ہے، وہیں لگاتار پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے وہ عام لوگوں پر مزید بوجھ کیوں ڈال رہی ہے۔ آج پٹرول وڈیزل کی لگاتار بڑھتی قیمتوں کے خلاف کانگریس رہیکا بلاک صدر محمد ثناءاللہ کی رہبری میں عوام نے بلاک میں سرکار کے خلاف خوب نعرے بازی کی اور سرکار سے پٹرول وڈیزل کی بڑھتی قیمتوں پر جلد از جلد کنٹرول کرنے کی مانگ کی۔اس سلسلے میں کانگریس بلاک صدر محمد ثناءاللہ نے نمائندہ سے بات کرتے کہا کہ آج ملک ایک طرف کورونا کے قہر کے تلے دبا گھٹ گھٹ کر سانس لے رہا ہے تو وہیں دوسری طرف یہ سرکار ایسے وقت میں بھی عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈال رہی ہے جو نہایت ہی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ 7 جون 2020 سے لے کر 24 جون 2020 تک مودی سرکار نے مسلسل 18 دنوں تک پٹرول وڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا جس سے ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 10,48 روپے اور پٹرول کی قیمت فی لیٹر 8,50 روپے بڑھ گئی جو 27 اکتوبر 2018 کے بعد کی اعلی سطح ہے۔ مزید موصوف نے یہ بات بھی کہی کہ پچھلے چھ سال میں اس سرکار نے پٹرول وڈییزل کی قیمتوں میں اضافہ کر کے اٹھارہ سو کڑور روپے کمائی ہے جس کا پورا اثر عام عوام کی جیب پر پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سرکار ڈیزل وپٹرول کی بڑھتی قمیتوں پر جلد کنٹرول نہیں کیا تو ہم لوگ سڑک جام کر کے احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔