چھتیس گڑھ میں مریضوں کی پوزیشن کئی ریاستوں سے بہتر : بھوپیش

تاثیر اردو نیوز نیٹ ورک،30؍جولائی2020

رائے پور، چھتیس کے وزیراعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے مریضوں کی صورتحال کئی ریاستوں سے بہتر بتاتے ہوئے کہا کہ جلد ہی ریاستوں کی جانچ دوگنی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے آج آکاش وانی کے ریاستی اسٹیٹس سنٹروں اور علاقائی نیوز چینلوں کے ذریعہ لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھتیس گڑھ میں کورونا انفیکشن دیگر ریاستوں کے مقابلے قابو میں ضرور ہے لیکن گزشتہ کچھ روز سے متاثرین مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ یہ سب ان لاک کے دوران احتیاط اور بچاؤ کے اقدامات نہ کرنے کے سبب ہوا ہے۔چھتیس گڑھ میں کورونا متاثرین کی صحتیابی کی شرح بہتر ہے اور شرح اموات کافی کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی دیگر ریاستوں سے بہتر کررہے ہیں۔ آپ کے تعاون سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی سمت میں مزید بہتر کریں گے۔ فی الحال ریاست میں ہر روز پانچ ہزار سے زائد نمونوں کی جانچ کی جارہی ہے۔ جلد ہی اسے بڑھا کر دس ہزار تک کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ریاست کے آٹھ علاقائی اور 22 ضلع سطحی اسپتالوں میں کووڈ19 کے مریضوں کے علاج کا بندوبست کیا گیا ہے۔