چینی ایپ پر پابندی لگانا حکومت کا ’ڈیجیٹل اسٹرئک: روی شنکر پرساد

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India)  on 02-July-2020

نئی دہلی:  مرکزی وزیر روی شنکر پرساد نے مرکزی حکومت کے ملک میں چینی موبائل ایپ پر پابندی عائد کرنے کے اقدام کو چین پر ڈیجیٹل اسٹرائک قرار دیا ہے۔ انہوں نے جمعرات کے روز مغربی بنگال میں ایک ریلی میں کہا کہ ہندوستان نے چین پر ڈیجیٹل اسٹرائک کی ہے۔ پرساد نے کہاکہ ہم نے ان چینی ایپ پر ملک کے عوام کے ڈیٹا سکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے پابندی عائد کردی ہے۔ یہ ایک ڈیجیٹل اسٹرائک تھی۔ ہندوستان امن کا حامی ہے لیکن اگر کوئی ہم پر نظر اٹھاکر دیکھتا ہے تو ہم اسے مناسب جواب دیں گے۔واضح رہے کہ پیر کے روز ملک میں 59 چینی موبائل ایپ پر پابندی عائد کردی گئی تھی، جس میں کئی مشہور ایپ جیسے ٹک ٹاک، یوسی براؤزر، شیئر اٹ ، ہیلو اور لائیکی شامل تھے۔ حکومت کی طرف سے کہا گیا تھا کہ یہ قدم ملک میں ڈیٹا اور رازداری کی حفاظت کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔