کورونا وائرس، مخالفت کے باوجود برازیل فٹ بال لیگ کا 9 اگست سے آغاز کا اعلان

Taasir Urdu News Network |Brazil on 08-July-2020

برازیلیہ: برازیلین فٹ بال کنفیڈریشن (سی بی ایف) نے کورونا وائرس وبائی مرض کی وجہ سے پیدا شدہ موجودہ حالات پر علاقائی حکام کی مخالفت کے باوجود قومی برازیل فٹ بال لیگ کو دوبارہ شروع کرنے کے لئے 9 اگست کی تاریخ مقرر کی ہے۔ برازیلین فٹ بال کنفیڈریشن (سی بی ایف) کے مطابق 20 ٹیموں کا دوسرا ڈویڑن ایک روز قبل دوبارہ شروع ہوگا۔موجودہ حالات میں ریو ڈی جنیرو میں اب تک صرف ایک ریاستی چیمپین شپ دوبارہ شروع ہوئی ہے جو کہ تنازعہ کی زد میں آچکی ہے کیوں کہ برازیل میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 65 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جو دنیا میں زیادہ اموات ہونے والے ممالک میں دوسرے درجے پر ہے۔ ساؤ پائولو کے گورنر ، جوائو ڈوریا نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مارچ کے وسط سے وبائی بیماری کی وجہ سے ریاست کی ٹیمیں قومی ٹورنامنٹ میں اس وقت تک حصہ نہیں لیں گی جب تک کہ وہ اپنی علاقائی چیمپین شپ ختم نہ کر لیں جو منجمد ہوچکی تھیں، ان کے تین راؤنڈز کھیلے جانے ابھی باقی ہیں۔جوائو ڈوریا نے کہا کہ 9 اگست سے سی بی ایف کے دوبارہ شروع ہونے کے فیصلے کے بارے میں ریاست ساؤ پاؤلو کی حکومت سے پہلے مشاورت نہیں کی گئی تھی۔سی بی ایف نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان کے جواب میں کہا ہے کہ ساؤ پاؤلو کے 20 میں سے 19 کلبوں میں تمام افراد نے کھیلنے کے لئے ووٹ دیا تھا اور ساؤ پاؤلو کے کلبوں نے سی بی ایف کے ساتھ رابطے میں اپنی پوزیشن کی تصدیق کر دی تھی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ٹیمیں ضرورت پڑنے پر اپنی ریاستوں سے باہر ڈومیسٹک میچز کھیلیں گی۔ پولِستا فٹ بال چیمپئن شپ برازیلین کی سب سے اہم ریاستی لیگ ہے جس میں پانچ ٹیمیں قومی فرسٹ ڈویڑن اور چار دوسرے درجے میں شرکت ہیں۔ ان پانچ ٹیموں میں برگنٹینو ، کرنتھیس ، پالمیرس ، سانٹوس اور ساؤ پاؤلو شامل ہیں۔