کھارودہ پنچایت میں مجلس علماء ملت کشن گنج کی میٹنگ کامیابی سے ہمکنار ، علماء کرام کی یونٹ تشکیل پائی

Taasir Urdu News Network | Kishanganj (Bihar)   on 13-July-2020

کشن گنج : بلاک ٹھاکر گنج کے ماتحت کھارودہ پنچایت کے إقرأ ماڈل اسکول میں مجلس علماء ملت کشن گنج کی ایک اہم میٹنگ کا انعقاد عمل میں آیا ۔مفتی ابصار عالم کی تلاوت اور قاری امیر حمزہ کے نعتیہ کلام سے پروگرام کا آغاز ہوا۔صدارت کی ذمہ داری مفتی شارب ضیاء قاسمی نے نبھائی اور نظامت کا فریضہ مولانا توحید مہتمم جامعہ الصفۃ نے انجام دیا۔مولانا شمیم ریاض ندوی نے اپنے تمہیدی خطاب میں مجلس علماء ملت کے اصول و ضوابط اور اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اکابرین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے تنظیم کو قوت دینے کی ترغیب دی۔مولانا وسیم اکرم قاسمی چھترگاچھ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء کرام کو فکر لینے کی ضرورت ہے اگر علماء متحدہ شکل میں فکر لے لیں گے تو انقلاب یقینی طور پر آکر رہے گا۔مولانا شاہ فیروز قاسمی نے تقریر کرتے ہوئے فرمایا کہ ہم مجلس علماء ملت کی تائید کرتے ہیں اور تسلسل کے ساتھ محنت کرنے کی ضرورت ہے۔پروگرام میں قاری نوشاد مہتمم مدرسہ محمود المدارس کھر کھری، مفتی ابصار عالم، مولانا محمد علی اور مولانا ابوالکلام نے اپنے ضروری خیالات کا اظہار کیا نیز مجلس علماء ملت کی تائید کی۔مفتی شارب ضیاء قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا کہ کشن گنج کے اکابرین علماء کو بھی تنظیم سے مربوط کیا جائے اور اختلافات سے بچنے کی غرض سے تنظیم کے سیاسی رجحان کے اظہار سے گریز کیا جائے۔ جس کے بعد کھارودہ پنچایت کی یونٹ کی تشکیل سازی ہوئی۔اتفاق رائے سے مولانا شاہ فیروز صدر، مولانا ابوالکلام اور مولانا محمد علی نائب صدر منتخب ہوئے۔مولانا توحید کو سیکریٹری اور قاری مرغوب کو نایب سکریٹری منتخب کیا گیا جبکہ حافظ شاکر کو خازن اور مفتی ابصار عالم کو ترجمان منتخب کیا گیا۔میٹنگ کے کنوینر مولانا توحید عالم نے شرکاء مجلس کا شکریہ ادا کیا اور دعائیہ کلمات پر میٹنگ اختتام کو پہنچی۔شرکاء میں مولانا محمد ثوبان، مولانا انعام الحق، مولانا مبشر عالم، مولانا شاہ عالم، مولانا انظار عادل، مولانا محمد مشفق، مولانا غضنفر عادل اور حافظ مشتاق کے نام قابل ذکر ہیں۔