کیجریوال حکومت کا بڑا فیصلہ: ڈیزل ہوا سستا، VAT میں اب تک کی سب سے بڑی کمی

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India)   on 30-July-2020

نئی دہلی: دہلی کی اروند کیجریوال حکومت نے جمعرات کو ایک بڑا فیصلہ کیا دارالحکومت میں ڈیزل پر لگنے والے (ویلیو ایڈڈ ٹیکس) میں اب تک کی سب سے بڑی کمی کی گئی ہے۔ کیجریوال حکومت نے جمعرات کو ہوئی کابینہ میٹنگ میں یہ اہم فیصلہ لیا ہے، جس کی وجہ سے دارالحکومت میں ڈیزل 8.36 روپے فی لیٹر سستا ہوگیا ہے۔ اس کا اعلان کرتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلی اروند نے کہا کہ دہلی کی معیشت کو مستحکم کرنے اور عام لوگوں کو مہنگائی سے بچانے کے لئے حکومت نے یہ قدم اٹھایا ہے۔ اس فیصلے میں دہلی حکومت نے ریاست میں ڈیزل پر 30فیصد VAT کو گھٹاکر 16.75فیصدکردیا ہے۔ دہلی میں ڈیزل فی لیٹر 73.64 روپے ہو گا۔سی ایم کیجریوال نے اجلاس کے بعد ورچوئل پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ VAT میں کمی کے بعد ڈیزل کی قیمت میں 8.36 روپے فی لیٹر کمی ہوگی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی کی معیشت کو بحال کرنے میں اب بھی بہت سارے چیلنجوں کا سامنا ہے۔ تاہم اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے تعاون سے ان چیلنجوں پر قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کمی کے بعد دہلی میں ڈیزل کی قیمت 82 روپے فی لیٹر سے گھٹ کر 73.64 روپے فی لیٹر ہوجائے گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ ریاست کے تاجر اور صنعتکار ڈیزل پر VAT میں کمی کا مطالبہ کررہے تھے۔فی الحال دہلی میں ڈیزل کی قیمت 81.94 روپے فی لیٹر ہے۔ اگر ہم اس کے ساتھ پٹرول کی قیمت کے بارے میں بات کریں تو 30 جولائی 2020 کو دارالحکومت میں فی لیٹر 80.43 روپے فی لیٹر چل رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت دہلی سے متصل اترپردیش کے شہر غازی آباد میں ڈیزل کی قیمت فی لیٹر 73.68 روپے ہے، جبکہ ہریانہ کے گروگرام میں73.98 روپے فی لیٹر مل رہا ہے۔کابینہ کے اجلاس سے قبل ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ ڈیزل سستا کرنے سے متعلق حکومت کوئی بڑا فیصلہ لے سکتی ہے۔ اب حکومت کے اس فیصلے سے دارالحکومت کے صارفین کا بوجھ کم ہوگا۔