ہر دس منٹ میں ایران میں کرونا کا ایک مریض ہلاک ہو رہا ہے:صدارتی مشیر

Taasir Urdu News Network | Dubai  on 07-July-2020

دبئی: ایرانی صدر حسن روحانی کے مشیر حسام الدین آشنا نے خبردار کیا ہے کہ ایران میں کرونا کی وبا تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے اور ہر دس منٹ میں ایک شخص کرونا کی وجہ سے ہلاک ہو رہا ہے۔اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر ایک ٹویٹ میں حسام الدین آشنا نے لکھا کہ ایران میں غیر فطری انداز میں اموات میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوا ہے۔ کرونا کی وبا کے نتیجے میں ہر دس منٹ میں ایک مریض دم توڑ رہا ہے۔اتوار کے روز ایرانی محکمہ صحت کے حکام نے بتایا تھا کہ کرونا کے نتیجے میں ملک میں 163 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ ہلاکتیں ایک ہفتے میں دوسری سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ اس سے قبل ایک ہی دن میں 162 افراد کرونا کی وجہ سے ہلاک ہو گئے تھے۔ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق ملک میں کرونا کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہزار 571 ہوگئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 49 ہزار چار سو اڑتیس ہے۔ ایران میں کرونا کے دو لاکھ ایک ہزار تین سو تیس مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔