ہندوستان میں ایک دن میں سب سے زیادہ 29429 مریض

Taasir Urdu News Network | New Delhi  (India)  on 15-July-2020

نئی دہلی: ہندوستان میں بدھ کے روز سب سے زیادہ 29429 افراد میں کورونا وائرس کے انفیکشن کی اطلاع موصول ہونے کے بعد، ملک میں اب تک اس جان لیوا وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر 936181 ہوگئی، اور مزید 582 افراد کی ہلاکت کے ساتھ، ہلاکتوں کی تعداد 24309 ہوگئی۔ یہ معلومات مرکزی وزارت صحت کے اعداد و شمار سے حاصل کی گئی ہے۔ ملک میں 592031 افراد اس بیماری میں مبتلا ہونے کے بعد صحت مند ہوچکے ہیں جبکہ 319840 افراد زیر علاج ہیں۔اب تک تقریبا 63.24فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ جن 582لوگوں کی بدھ کے روز موت ہوئی ہے، ان میں مہاراشٹر میں 213، کرناٹک میں 85، تمل ناڈو میں 67، آندھرا پردیش میں 43، دہلی میں 35، اترپردیش میں 28، مغربی بنگال میں 24، بہار اور گجرات اور مدھیہ پردیش میں 14-14 ۔مدھیہ پردیش، تلنگانہ میں10-10 افراد شامل ہیں۔ پنجاب میں بدھ کے روز نو افراد کی موت ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر میں آٹھ افراد کی موت ہوئی، آسام، ہریانہ اور اڑیشہ میں چارچار، جھارکھنڈ میں تین، چندی گڑھ میں دو اور اروناچل پردیش، چھتیس گڑھ، گوا، کیرالہ اور اتراکھنڈ میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی۔