ہیپاٹائٹس کے خاتمہ کے لیے عوامی تحریک بنانا اراکین پارلیمنٹ کا فرض:برلا

تاثیر اردو نیوز نیٹ ورک،28؍جولائی2020

نئی دہلی :لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے عالمی یوم ہیبٹائٹس کے موقع پر منگل کو کہا کہ ہیپٹائٹس ایک بہت ہی سنگین چیلنج ہے جسے صرف اجتماعی کوششوں سے ہی دور کیا جاسکتا ہے اور اس کے لیے عوامی نمائندوں خاص کر اراکین پارلیمنٹ کا کردار بہت اہم ہے۔مسٹر برلا نے پارلیمنٹ ہاوس میں انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بلیری سائنسزاور ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا کے زیر اہتمام’ایمپیتھی کانکلیو 2020‘پروگرام کی صدارت کی۔اس سال کے انعقاد کا موضوع تھا’کووڈ-19 کے وقت میں اپنے جگرکو محفوظ رکھیں۔‘اس پروگرام میں ممبران پارلیمنٹ اور دیگر معززین نے شرکت کی،جوویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ سے کانفرنس میں شامل ہوئے۔لوک سبھا اسپیکر اور مرکزی وزیر برائے صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن پارلیمنٹ ہاوس میں اسپیکر کے چیمبرسے پروگرام میں شامل ہوئے۔مرکزی وزیر قانون و انصاف ، مواصلات ، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی روی شنکرپرساد بھی اس میں ورچوئل شکل میں شامل ہوئے۔مسٹر برلا نے کہا کہ کووڈ-19 کے اس مشکل دور میں ۔حکومت نے اس بیماری کے اثر کو کم کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر اقدام کیے ہیں اور انکے نتائج حوصلہ افزا رہے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کہ ہے کہ کووڈ 19 کا ٹیکہ جلد ہی تیار ہاجائے گا۔انہوں نے کہا،’’مجھے ہندوستانیوں کی طاقت پر بہت اعتماد ہے اورفتح کی راہ مشکل ہوسکتی ہے لیکن ناممکن کبھی نہیں۔انہوں نے لوگوں میں جگر کی بیماری کے تعلق سے بیداری پھیلانے کے لیے عوامی نمائندوں کی خصوصی ذمے داری کو بھی نشان زد کیا۔لوک سبھا اسپیکر نے اس کا بھی ذکر کیا کی اس بیماری کے خاتمہ کے لیے سال 2030 متعین کیا گیا ہے اور امید ہے کہ ہندوستان اس اہم مقصد کو پورا کرنے میں کامیاب رہے گا۔مسٹر برلا نے ہیپٹائٹس بی اور سی کے خلاف جنگ میں انسٹی ٹیوٹ آف لیور اینڈ بلیری سائنسیز کے کرداد کی ستائش کی اور اس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس کے سرین کو ہندوستان میں جگر کی بیماری کے خاتمہ کے تئیں ان کی لگن کے لیے شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر ہرش وردھن نے مسٹر برلا کو ہیپٹائٹس خاتمہ کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرنے اور اس کام کے لیے اپنا پوراتعاون دینے پر شکریہ کہا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس بحران سے نمٹنے کے لیے 15000 کروڑ کے صحت پیکج کا اعلان کیا ہے۔انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ فنانس کمیشن نے اپنی رپورٹ میں صحت کی مالی اعانت سے متعلق ایک خصوصی باب کو شامل کرنے پر اتفاق کیا۔