اسرائیلی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ

Taasir Urdu News Network | Washington (International)  on 03-August-2020

واشنگٹن: مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی وزیراعظم کی رہائش گاہ کے باہر مظاہرہ کیا گیا۔ نیتن یاہو کی مبینہ کرپشن اور کورونا وائرس سے نمٹنے کی حکمت عملی کے خلاف احتجاج میں شامل مظاہرین نے وزیراعظم سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ذرائع کے مطابق اسرائیل میں ہزاروں مظاہرین نے مبینہ بدعنوانی اورکوروناوائرس کے بحران سے نمٹنے میں کوتاہی پروزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے خلاف ملک بھرمیں ریلیاں نکالیں۔سات ہزارسے زیادہ مظاہرین مقبوضہ بیت المقدس میں وزیراعظم کی سرکاری رہائشگاہ کے باہرجمع ہوئے اوروزیراعظم سے ان کے استعفے کامطالبہ کیا،مظاہرین میں اکثریت نوجوانوں کی ہے.جن کا کہنا ہے کہ انہیں سسٹم پر اب اعتماد نہیں رہا، لوگ اپنے سخت معاشی حالات سے نبرد آزما ہیں۔احتجاج کے دوران گرفتار کئے گئے ایک شہری کا کہنا تھا کہ ہمارے قائدین کو ہماری فکر نہیں، ان لوگوں نے ہماری پرواہ کرنا چھوڑ دی ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ملک کو انتشار اور تشدد کی طرف نہ لے جایا جائے۔واضح رہے کہ اسرائیل میں کورونا سے اب تک 523 اموات ہو چکی ہیں جبکہ کیسز کی تعداد 72 ہزار سے زائد ہے