انگلینڈ کے کھلاڑیوں کوہوا فائدہ ، ووکس نے لگائی ڈبل چھلانگ

Taasir Urdu News Network | Manchester (England)  on 10-August-2020

مانچسٹر: انگلینڈ اور پاکستان کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم کو فتح کی طرف راغب کرنے والے کرس ووکس نے تازہ ترین آئی سی سی رینکنگ میں بڑا فائدہ حاصل کیا۔ 84 رنز بنانے والے ووکس اب آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں 7 ویں پوزیشن پر پہنچنے کے بعد بلے بازوں میں 78 ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔ پہلی اننگز میں 156 رنز بنانے والے مسعود بلے بازوں کی درجہ بندی میں 19 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ بیٹنگ کی درجہ بندی میں اسٹیو اسمتھ پہلے اوروراٹ کوہلی دوسرے نمبر پر ہیں۔مسعود کی 19 ویں درجہ بندی ان کے کیریئر کی اب تک کی بہترین درجہ بندی ہے۔ وہ بابر اعظم کے بعد سب سے زیادہ رینکنگ تک پہونچنے والے دوسرے پاکستانی بیٹسمین ہیں۔ اعظم چھٹے نمبر پر ہیں۔ بابر نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پچاس رن بنایا تھا۔ پہلے ٹیسٹ میں مین آف دی میچ پانے والے ووکس 18 مقام سے چھلانگ لگا کر 78 ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ووکس نے چھٹی وکٹ کے لئے وکٹ کیپر جوس بٹلر کے ساتھ 139 رنز کی شراکت کی تھی اور 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انگلینڈ کو جیت دلائی تھی۔ ووکس آل راؤنڈرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بٹلر 44 ویں نمبرسے 30 نمبر پر آگئے ہیں۔ گیندبازوںکی فہرست میں پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ اور شاداب خان بالترتیب 22 ویں اور 69 ویں نمبرپر پہنچ گئے ہیں۔ تیسرے نمبر پر انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ برقرار ہیں۔ براڈ نے آل راؤنڈر کی درجہ بندی میں کامیابی حاصل کی ہے اور ایک بار پھر ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔