بطور کپتان مورگن نے رقم کی تاریخ ،دھونی کا خاص ریکارڈ تورا

Taasir Urdu News Network | Dubai  on 05-August-2020

دبئی: گرچہ انگلینڈ کی ٹیم تیسرا ون ڈے آئر لینڈ کے خلاف ہار گئی ہو لیکن بطور کپتان ایون مورگن نے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ تیسرے ون ڈے میں ایون مورگن نے شاندار 106 رنز بنائے۔ مورگن کی ون ڈے کیریئر میں یہ 13 ویں سنچری تھی۔ اپنی 106 رنز کی سنچری میں مورگن نے 84 گیندوں کا سامنا کیا اور 15 چوکے لگائے۔ اس کے علاوہ مورگن نے اننگز میں 4 چھکے بھی لگائے۔ مورگن چھکے لگانے کے بعد بطور کپتان انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکا لگانے والے بلے باز بن گئے ۔ایون مورگن نے بطور کپتان 213 چھکے لگانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ مورگن نے ایسا کرکے ہندوستان کے سابق کپتان ایم ایس دھونی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ دھونی نے بطور کپتان انٹرنیشنل کرکٹ میں کل 211 چھکے لگائے تھے۔ اب بطور کپتان ایون مورگن بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکا لگانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ایون مورگن اور دھونی کے بعد آسٹریلیائی ٹیم کے سابق کپتان رکی پونٹنگ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ پوٹنگ نے بطور کپتان اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 171 چھکے لگائے تھے۔ اسی کے ساتھ نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم چوتھے نمبر پر ہیں، انہوں نے بطور کپتان انٹرنیشنل کرکٹ میں 170 چھکے لگائے ہیں۔ پانچویں نمبر پر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز ہیں جن کے بین الاقوامی کیریئر میں بطور کپتان 135 چھکے ہیں۔ دھماکہ خیز گیل نے بطور کپتان اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 134 چھکے لگائے ہیں، جب کہ سورو گنگولی بطور کپتان 132 چھکے لگانے میں کامیاب رہے ہیں۔دھونی 2019 ورلڈ کپ کے بعد سے ہی انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہیں۔ آئی پی ایل 2020 میں دھونی ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں کھیلتے ہوئے دکھائی دینے والے ہیں۔ اس بار آئی پی ایل ہندوستان سے باہر متحدہ عرب امارات میں ہورہا ہے۔