بہار: آر جے ڈی نے الیکشن کمیشن سے کی اپیل : کورونا وبا میں بیلٹ پیپر سے کرائیںووٹنگ

Taasir Urdu News Network | Patna  (Bihar)  on 07-August-2020

پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر کووڈ 19 وبا کے دوران بہار اسمبلی انتخابات ہوتے ہیں تو ای وی ایم کی جگہ بیلٹ پیپر کااستعمال کیا جانا چاہیے۔آر جے ڈی کے قومی جنرل سکریٹری عبدالباری صدیقی نے 30 جولائی کو الیکشن کمیشن کو لکھے گئے ایک خط میں مشورہ دیا ہے کہ اگر بہار میں وبا کے دوران اسمبلی انتخابات ہوتے ہیں تو بیلٹ پیپر کا استعمال کیا جانا چاہئے۔ کیونکہ تحقیق کے مطابق یہ پتہ چلا ہے کہ کورونا وائرس پلاسٹک اور دھات پر کئی دن زندہ رہتا ہے۔آر جے ڈی کے ترجمان تیواری نے کہاکہ کووڈ 19 وبائی امراض کے دوران اگربہار اسمبلی انتخابات کرانا نہیں ہے تو پھر انتخابات ورچوئل اور ڈیجیٹل نہیں ہونا چاہئے بلکہ روایت کے مطابق ہونے چاہئیں یہاں پر بیلٹ پیپر کا استعمال ہونا چاہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس وبا کے دوران اسمبلی انتخابات کے حوالے سے بہار کی تمام سیاسی جماعتوں سے اپنی رائے طلب کی تھی۔ اس کے بارے میں آر جے ڈی کی جانب سے عبدالباری صدیقی نے الیکشن کمیشن کو بتایا ہے کہ اگر انتخابات ہوتے ہیں تو ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر کا استعمال کیا جائے تاکہ ووٹنگ کے دوران انفیکشن پھیلنے کے خدشات کو کم کیا جاسکے۔آر جے ڈی نے الیکشن کمیشن سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے ذریعہ ورچوئل کمپیننگ پر پابندی لگائے۔ آر جے ڈی نے کہا ہے کہ ورچوئل ریلی کا فائدہ صرف ان سیاسی جماعتوں کو ملے گا جن کے پاس وسائل ہیں۔ لیکن چھوٹی سیاسی جماعتوں کے پاس جن کے پاس وسائل کی کمی ہے، ان کے لیے تشہیری مہم ناممکن ہے ۔