غزہ پر اسرائیلی بمباری کو روکنے کے لئے بین الاقوامی برادری کرے مداخلت: پاپولر فرنٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 22-August-2020

پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چیئرمین او ایم اے سلام نے غزہ پر جاری اسرائیلی بمباری کو روکنے کے لئے بین الاقوامی برادری سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔  گذشتہ سات روز سے اسرائیلی جنگی طیارے غزہ پٹی کے مختلف علاقوں پر بمباری کر رہے ہیں جس کے سبب پہلے سے ہی تکلیف دہ حالات مزید بدتر ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی جنگوں کی وجہ سے غزہ پٹی کی بیس لاکھ سے زائد آبادی مشکل ترین زندگی گذار رہی ہے اور غزہ پر لگائی گئی ناکہ بندی نے اشیاء خوردنی، ایندھن اور دواؤں سمیت دیگر ضروریات زندگی سے لوگوں کو محروم کر دیا ہے۔ متعدد بین الاقوامی کارکنان حقوق انسانی نے غزہ پٹی کو کھلی جیل کا نام دیا ہے۔ اسرائیل نے 12 اگست سے غزہ میں ایندھن کی درآمد پر بھی پابندی عائد کر دی ہے، جس کے سبب علاقے میں پاور سپلائی کا سنگین بحران پیدا ہو گیا ہے۔ اس کا برا اثر نہ صرف لوگوں کی روزمرہ کی زندگی پر پڑے گا بلکہ اس سے علاج و معالجہ جیسی اہم خدمات بھی کافی متاثر ہوں گی۔ غزہ کے ساحل پر ماہی گیری پر بھی عائدہ کردہ پابندی سے غریب لوگ بے حد متاثر ہوں گے۔ دنیا محض خاموش تماشائی بنی نہیں رہ سکتی، جبکہ ان کی نظروں کے سامنے ایک آبادی کو منظم طریقے سے اجتماعی سزا سے دوچار کیا جا رہا ہے۔ پاپولر فرنٹ کے چیئرمین نے کہا کہ اقوام متحدہ کی پابندیوں سمیت دیگر سخت کاروائیوں کے ذریعہ ہی اسرائیل کو بمباری اور غزہ کا گلا گھونٹنے سے روکا جا سکتا ہے۔
ڈائرکٹر، میڈیا و رابطہ عامہ
مرکز، پاپولر فرنٹ آف انڈیا، نئی دہلی