پومپیو کا دورہ یورپ: توانائی اور دفاع سے متعلق معاہدہ ایجنڈے میں شامل

Taasir Urdu News Network | Washington  (America)  on 12-August-2020

واشنگٹن: امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو وسطی یورپ کے ممالک کے ایک ہفتے کے دورے پر منگل کو چیک ری پبلک پہنچ گئے۔ دورے کے دوران پومپیو سلووینیا، آسٹریا اور پولینڈ بھی جائیں گے۔ یہ دورہ ٹرمپ انتظامیہ کی اس پالیسی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے جس کا مقصد وسطی یورپ کے ان ملکوں میں چین اور روس کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کو کم کرنا ہے۔ چیک ری پبلک پہنچنے پر امریکی وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب تھامس پیٹرک سے ملاقات کی اور امریکہ اور چیک ری پبلک کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ دورے کے دوران مائیک پومپیو اس عجائب گھر بھی گئے جو جنگِ عظیم دوم کے دوران اس علاقے کو آزاد کرنے کے لیے کیے گئے امریکی اقدامات کی یاد میں قائم کیا گیا تھا۔ امریکی وزیر خارجہ مشرقی یورپ کے ملک سلووینیا بھی جائیں گے کسی بھی اعلیٰ امریکی عہدے دار کا 2011 کے بعد یہ اس ملک کا پہلا دورہ ہو گا۔ سلووینیا میں امریکی وزیر خارجہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے ایک مشترکہ اعلامیے پر دستخط کریں گے۔ امریکہ یہ جدید ٹیکنالوجی سلووینیا کو فراہم کرے گا تاکہ اس علاقے میں چینی مداخلت کا سدِ باب کیا جائے۔ یہ دورہ ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) جرمنی سے تقریباً 12 ہزار فوجیوں کو واپس بلانے اور اس کی کچھ تعداد کو پولینڈ اور دوسرے نیٹو ملکوں میں تعینات کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔دورے کے دوران پومپیو وسطی یورپ کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔