چھترگاچھ کے عوام نالا نہ ہونے کی وجہ سے پریشان: مولانا آفتاب اظہرؔ صدیقی گھروں کا پانی سڑک پر اور بارش کا پانی راستوں میں جمع ہوتا آرہا ہے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 29-August 2020

پوٹھیا، کشن گنج  (مظہر ربانی) ضلع کشن گنج کے پوٹھیا بلاک کے ماتحت ٹھاکر گنج ہائی وے سے متصل مشہور پنچایت چھترگاچھ میں چوطرفہ نالاؤں اور نالیوں کی ضرورت ہے، لب راہ بستیاں واقع ہیں جن کے گھروں کا پانی برسوں سے مین روڈ پر جمع ہوتا آرہا ہے، ذرا سی بارش سے سڑک سے چالیس پچاس فٹ کے فاصلے پر واقع گھروں میں جانا مشکل ہوجاتا ہے؛ اس لیے کہ بارش کا پانی گھروں کے سامنے جمع ہوجاتا ہے، تصاویر میں نظر آرہی چھوٹی سی نالی مین روڈ کے پاس پنچایت کے مکھیا نے اس وقت کھدوائی جب لوگوں کے گھروں کے سامنے کئی دن تک پانی جمع رہا اور اسے کہیں سے نکلنے کا راستہ نہیں ملا، تو یہ چھوٹی سی نالی جو آڑی ترچھی کرکے صرف اس لیے کھدوائی گئی تاکہ جمع شدہ پانی کو راستہ مل سکے؛ تاہم اس پنچایت کے لوگوں کا مطالبہ ہے کہ مین روڈ کے دونوں طرف مضبوط اور گہرا نالا بنایا جائے جس کا پانی کولتھا پُل میں جاکر گرے اور لوگوں کے گھرو ں کا اضافی پانی مین روڈ پر جمع نہ ہونے پائے؛ لیکن یہ مطالبہ ابھی تک پورا نہیں ہوسکا ہے اور نہ پورا ہونے کی امید نظر آرہی ہے؛ آج راشٹریہ علماء کونسل کے صوبائی انچارج مولانا آفتاب اظہر صدیقی نے نالا بنوانے کے مطالبے پر کشن گنج ممبر اسمبلی سمیت ایم پی جاوید( جن کا گھر اس پنچایت سے صرف دو کلومیٹر کے فاصلے پر ہے )سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اس طرف توجہ دیں اور عوام کے اس مسئلے کو حل کریں ورنہ آنے والے الیکشن میں یہ مدعا بھی زور و شور کے ساتھ اٹھایاجائے گا۔ اس موقع پر نجم الدین اور مختار عالم بھی موجود رہے۔