کل ہند انجمن اساتذہ ٔ اردو جامعاتِ ہند کا احیا ء وقت کی ضرورت: پروفیسر انور پاشا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 24-August-2020

(نئی دہلی (پریس ریلیز

قومی سطح پر اردو تعلیم وتدریس کے فروغ اور اس کے جمہوری حقوق کی بازیابی کے لیے تقریباً 50 سال قبل قائم’’ کل ہند انجمن اساتذۂ اردو جامعاتِ ہند‘‘ اب پھر سے سرگرم عمل ہوگئی ہے۔ انجمن کے صدر پروفیسر علی جاوید اور جنرل سکریٹر ی پروفیسر شہاب عنایت ملک نے پروفیسر انور پاشا کو قومی کنوینر اور ترجمان کے طور پر انجمن کو سرگرم بنانے اور انجمن کے قومی کنونشن کے انعقاد کی ذمے داری سونپی ہے۔ پروفیسر انور پاشا سابق چیئر پرسن، ہندوستانی زبانوں کا مرکز،جواہر لعل نہر و یونیورسٹی نے انجمن کے قومی کنوینر اور ترجمان کے طو پر سونپی گئی ذمے داری قبول کرتے ہوئے آج ایک بیان جاری کرکے یہ بتایا کہ’’ کل ہند انجمن اساتذۂ اردو جامعاتِ ہند ‘‘کا قیام ملک کی تمام یونی ورسٹیوں ، کالجوں اور اسکولوں کے اردو اساتذہ کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے اور اردو تعلیم کی بقا اور فروغ کے لیے ملک گیر سطح پر جدوجہد کرنے کے مقصد سے کیا گیا تھا ۔ یہ انجمن قومی سطح پر رجسٹر ڈ انجمن ہے جس کے تحت ماضی میں پابندی سے کانفرنسوں کا انعقاد کیا جاتا تھا جن میں قومی سطح پر اردو تعلیم کا جائزہ لیا جاتا تھا اور اردو تعلیم کے فروغ کے لیے ریاستی سطح پر بھی انجمن کی شاخیں تشکیل دی جاتی تھیں جو اپنی اپنی ریاستوں کی یونیورسٹیوں ، کالجوں اور اسکولوں میں اردو تعلیم کا جائزہ لیتی تھیں ، رپورٹیں تیار کرتی تھیں۔ اردو کی خالی اسامیوں پر تقرری کرنے، نئی آسامیوں کو پر کرنے کے لیے جدوجہد کرتی تھیں اور لائحہ عمل بتانی تھیں ۔ ریاستی حکومتوں ، وزارتوں اور افسران پر دباؤ بناتی تھیں۔

پر وفیسر انور پاشا نے بتایا کہ انجمن کا احیاء وقت کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ قومی کنوینر کے طور پر ذمے داری قبول کرنے کے بعد انھوں نے ملک کی تمام یونیورسٹیوں اور کالجوں کے شعبۂ اردو کے صدر کو انجمن کی جانب سے خط ارسال کرکے اردو کی خالی اسامیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی ہے۔ پروفیسر انور پاشا نے ملک کے تمام اردو دوست افراد،اداروں، انجمنوں، تنظیموں اور اکادمیوں سے اردو کے جمہوری حقوق کی بقا اور بازیابی کے لیے سرگرم ہونے اور ’’کل ہند انجمن اساتذۂ اور جامعات ِ ہند‘‘کو قومی سطح پر ایک متحدہ پلیٹ فارم کے طور پر مضبوط بنانے کے لیے ہرممکن تعاون دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی وبا ختم ہوتے ہی قومی سطح پر انجمن کی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا اور اس میں قومی وریاستی سطح پر انجمن کے عہدے داروں او رمجلس عاملہ کا انتخاب عمل میںآئے گا علاوہ بریں اردو کے تعلیمی نظام کو مستحکم کرنے سے متعلق مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔