کورونا وائرس کی وبا کے باعث میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ متاثر ہوسکتا ہے، ڈیوڈ وارنر

Taasir Urdu News Network | Melbourne (Australia)  on 07-August-2020

میلبورن: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے گزشتہ روز اس خدشہ کا اظہار کیا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کے خدشے کے پیش نظر رواں سال کے آخری میں ویرات کوہلی کی بھارتی کرکٹ ٹیم میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ نہیں کھیل پائے گی کیونکہ میلبورن آسٹریلیا کا دوسرا بڑا شہر ہے جس میں کووڈ۔19 کے کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ڈیوڈ وارنر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ایک لاکھ شائقین اور ٹیلی وڑن کے شائقین کے سامنے کھیلا جانے والا یہ میچ 26 دسمبر سے آسٹریلیا کے ہوم سیزن کی خاص بات سمجھا جا رہا ہے۔ ڈیوڈ وارنر نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف باکسنگ ڈے ٹیسٹ کیلئے اس کے مقام کی تبدیلی کا حقیقی امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ فی الحال میلبورن جزوی طور پر لاک ڈاؤن میں ہے کیونکہ وکٹوریہ ریاست وائرس کے انفیکشن کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا عالمی وبائی بیماری اس وقت ہمارے قابو سے باہر ہے۔ وارنر نے کہا کہ ایسے حالات میں کھیلنا بہت مشکل ہوگا تاہم انہوں نے کہا کہ ہمیں کھیل کیلئے ابھی مناسب وقت کا انتظار کرنا پڑے گا اور شاید باکسنگ ڈے کا پہلا ٹیسٹ میلبورن میں نہ کھیلا اور دیکھا جاسکے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وکٹوریہ ریاست کے حکام نے بتایا کہ ریاست میں 384 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد کل کیسز کی تعداد 9 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔