گلہاٸے عقیدت

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 20-August-2020

آپ کی شہادت اے ابنِ مرتضٰیؓ مہکے
آج بھی زمانے میں ذکرِ کربلا مہکے
لفظ جگمگاٸیں تو جامہ فکر کا مہکے
ذکرِ آلِ زہرہؓ سے شعری سلسلہ مہکے
تجھ سے لاکھ بہتر ہے تیرے تیر کی قسمت
چھو کے حلقِ اصغرؓ کو جواے حرملہ مہکے
عزم ، صبر استقلال اور ارادہ ، قربانی
کربلا کے سلطاں کی ایک اک ادا مہکے
آسمان پر جیسے چاند ضوفگن ہے وہ
اس زمیں پہ ویسے ہی خاکِ کربلا مہکے
دیکھا تو بس اک کاغذ پر حسینؓ لکھّا تھا
سوچتا تھا کیوں آخر اتنا گھر مرا مہکے
جس نے آپ کی گردن پاک کا لیا بوسہ
وہ مقدروں والی تیغ مرحبا مہکے
مرتضٰیؓ کے گلشن کے گل نے دی ہے قربانی
اس جہاں میں جو دینِ مصطفٰیﷺ مہکے
آسماں کے دامن پر دیکھ تو شفق صورت
آج بھی شہیدوں کا خونِ با وفا مہکے
کوٸی ابنِ حیدرؓ کا ذکر کر رہا ہے کیا
دیکھو تو ذرا کتنی آج کی فضا مہکے

( ذکی طارق بارہ بنکوی )
سعادت گنج ، بارہ بنکی
یوپی ، انڈیا
رابطہ نمبر 7007368108