یورپی یونین کے مشن میں شرکت کے لیے جرمن فریگیٹ روانہ

Taasir Urdu News Network | Dubai  (International)  on 04-August-2020

دبئی: جرمن بحریہ کی ایک فریگیٹ ہیمبرگ یورپی یونین کے مشن ایرینی میں شرکت کے لیے بحیرہ روم کی جانب گامزن ہے۔ جرمن فریگیٹ پر تقریبا 250 فوجی موجود ہیں۔ یورپی یونین کا مشن ایرینی رواں سال مئی کے اوائل سے شروع ہوا تھا۔ اس کا مقصد اقوام متحدہ کی جانب سے لیبیا پر عائد ہتھیاروں کی پابندی کی نگرانی کرنا ہے۔جرمن بحریہ نے غالب گمان ظاہر کیا ہے کہ ہیمبرگ فریگیٹ رواں ماہ کے وسط تک پہنچ جائے گی۔ یہ 20 دسمبر تک علاقے میں موجود رہے گی۔اگرچہ ہیمبرگ فریگیٹ کا بنیادی مشن مہاجرین کو بچانا نہیں ہے تاہم توقع ہے کہ وہ ریسکیو اینڈ ریلیف کی کارروائیوں میں بھی حصہ لے گی۔دوسری جانب لیبیا کی قومی فوج کے سینئر عہدے دار بریگیڈیر جنرل خالد المحجوب نے باور کرایا ہے کہ ان کی فورسز ترکی کی حمایت یافتہ وفاق حکومت کے ہمنوا گروپوں کی جانب سے کسی بھی حملے کی کوشش پسپا کرنے کے لیے تیار ہے۔وفاق حکومت کی فورسز کے ترجمان یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ سرت شہر کی جانب پیش قدمی کے احکامات کے منتظر ہیں۔ ادھر العربیہ کے نمائندے کے مطابق لیبیا کی فوج نے پیر کے روز باور کرایا ہے کہ اس نے بحری، فضائی اور زمینی طور پر اپنی تیاریاں پوری کر لی ہیںاور وہ کسی بھی قسم کا حملہ روکنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔اس پورے منظر نامے میں تمام تر نظریں حالیہ سیاسی کوششوں کی جانب لگی ہوئی ہیں۔ بالخصوص وہ کوششیں جو ایک امریکی وفد کے بنغازی شہر کے غیر اعلانیہ دورے اور وہاں لیبیا کی فوج کی کمان سے ملاقات کے بعد سامنے آئی ہیں۔علاوہ ازیں آئندہ دنوں کے دوران ترکی اور روس کے درمیان ایک اہم اجلاس متوقع ہے۔ اس کا مقصد لیبیا کے وسط میں جلد بھڑکنے والی جنگ کی چنگاری کو بجھانا ہے۔