مدھیہ پردیش میں تیز بارش، سیلاب سے نو ہزار 500 کروڑ کا نقصان: شیوراج

Taasir Urdu News Network | Bhopla (Madhya Pradesh)  on 11-September-2020

بھوپال: مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے کہا کہ ریاست میں تیز بارش اور سیلاب کے سبب شروعاتی تخمینہ کے مطابق تقریباً نو ہزار500 کروڑ کا نقصان ہوا ہے۔ مسٹر چوہان، آج اپنی رہائش گاہ پر سیلاب متاثرہ علاقوں کا جائزہ اور اسٹڈی کرنے آئی مرکزی کمیٹی کے اراکین سے مذاکرہ کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش میں گذشتہ 15 دنوں میں تیز بارش سے ہوئے نقصان کی تفصیلی معلومات مرکزی حکومت کو دی گئی ہے۔ سروے کا کام مسلسل جاری ہے اور زیادہ نقصان ہونے کی صورتحال سامنے آ سکتی ہے۔ ریاستی حکومت نے متاثرہ عوام کو زیادہ سے زیادہ امداد دی ہے۔ مستقبل میں بھی راحت رسانی میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی جائے گی۔ مرکزی ٹیم کے متاثرہ علاقوں میں گھومنے کے بعد راحت کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں تعاون ملے گا۔ کمیٹی کے سامنے جمعرات کو تفصیلی پرزنٹیشن کے ذریعے ریاست کے سیلاب زدہ علاقوں کی صورتحال کو سامنے رکھا جا چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ فصل بیمہ اور امدادی رقم سے نقصان کی بھرپائی کی جا رہے تاہم کیڑے کی بیماری سے ہوئے نقصان کی تلافی کے لیے مرکز سے تعاون کی امید ہے۔ مسٹر چوہان نے بتایا کہ 28 اور 29 اگست کو تیز بارش سے سطحِ آب کھیتوں کے ساتھ دیہی علاقوں تک پہنچ گئی تھی۔ فوج اور دیگر راحت رساں ٹیموں نے ہوشیاری سے دن رات کام کیا۔ مسلسل مانیٹرنگ کی گئی۔ ریاست کے 12 اضلاع سنگین طور پر اور 23 اضلاع جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ کل 08 ہزار 442 گاؤں کو نقصان پہنچا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ 48 گھنٹوں تک وہ خود بھی نہیں سوئے۔ انہوں نے کہا کہ نتیجۃً ہمیں اس بات سے اطمینان ہے کہ ہم پورے عملے کی سرگرم رہنے کی بدولت جانی نقصان روکنے میں کامیاب ہوئے۔