مرکزی حکومت کے ذریعہ لائے گئے کسان مخالف بل کے خلاف راجد نے احتجاجی مارچ نکالا

Taasir Urdu News Network | Darbhanga (Bihar) on 25-September-2020

دربھنگہ: دربھنگہ واقع کرپوری چوک سے شروع ہوا یہ مارچ کلکٹریٹ پہونچ کر جلسہ میں تبدیل ہوا۔ جہاں مقررین نے مرکزی حکومت کے کسان مخالف بل پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ راجد سینیر لیڈر اور ایم ایل اے بھولا یادو نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت سرمایہ داروں کی ہے۔ان کا کسانوں کے مفادات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ راجد مرکزی حکومت کے اس کالے قانون کی مخالفت کرتا ہے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے دربھنگہ میونسپل کارپوریشن کے سابق میئر اور آر جے ڈی لیڈر اوم پرکاش کھیڑیا نے کہا کہ بی جے پی حکومت صرف بڑی کمپنیوں کے فائدے کی بات کرتی ہے۔ اس جماعت کا عام لوگوں کی مشکلات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ کسان مخالف بل جو ابھی ابھی لایا گیا گیا ہے۔ کسان اس کا جواب دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حکومت صرف اعداد و شمار اور جملوں کی سرکار ہے۔ زمین پر کوئی کام نہیں کیا جاتا ہے۔ خاص کر غریبوں کے مفاد کے لیے کچھ بھی سوچا بھی نہیں جاتا ہے۔