اسٹریمنگ سروسز کی فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائی‘ کے حقوق خریدنے میں دلچسپی

Taasir Urdu News Network | Los Angeles  (International)  on 27-Oct-2020

لاس اینجلس: کورونا وائرس‘ وباء کے باعث رواں سال متعدد فلموں کی ریلیز التوا کا شکار ہوچکی ہے۔ان میں سے ایک جیمز بونڈ سیریز کی 25 ویں فلم بھی ہے جو پہلے اپریل میں ریلیز ہونی تھی مگر کورونا کے باعث اسے نومبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔مگر اکتوبر میں اس کی ریلیز کی تاریخ ایک بار پھر آگے بڑھا کر اپریل 2021 کردی گئی۔اب ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ یہ جیمز بونڈ سیریز کی پہلی فلم ہوسکتی ہے جو سنیماؤں پر ریلیز نہیں ہوگی بلکہ کوئی اسٹریمنگ سروس اس کے حقوق حاصل کرلے گی۔ورائٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل، نیٹ فلیکس اور دیگر اسٹریمنگ سروسز نو ٹائم ٹو ڈائی کے حقوق خریدنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔فلم کے حقوق رکھنے والے اسٹوڈیو ایم جی ایم کو فلم کے التوا پر اب تک 8 کروڑ ڈالرز (12 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کا نقصان ہوچکا ہے۔اس سے قبل دیگر اسٹوڈیوز پیراماؤنٹ اور سونی نے بھی اپنی فلمیں جیسے گرے ہاؤنڈ، کمنگ ٹو امریکا اور دیگر اسٹریمنگ سروسز کو فروخت کرکے کروڑوں ڈالرز کمائے، کیونکہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث سنیما بزنس اب تک سنبھل نہیں سکا۔ایم جی ایم کے ایک ترجمان نے ورائٹی کو بتایا ہم افواہوں پر بات نہیں کرتے، یہ فلم برائے فروخت نہیں بلکہ اس کی ریلیز اپریل 2021 تک ملتوی کی گئی ہے۔