انڈرورلڈڈان دائود ابراہیم کی خاندانی زمین اور اقبال مرچی کے فلیٹ کی ہوگی نیلامی

Taasir Urdu News Network | Mumbai (Maharashtra) on 17-Oct-2020

ممبئی: انڈرورلڈ ڈان دائود ابراہیم کے آبائی گاؤں مہاراشٹر کے ضلع رتناگری کے تحصیل کھیڑ کی زمین اب نیلام ہوگی۔ اسمگلرز اینڈ فارن ایکسچینج منی پیولیٹرس (سافما) کی ایجنسی ڈان دائود کی جائیداد کو نیلام کرنے جارہی ہے۔ 10 نومبر کو نیلامی کا یہ عمل ای نیلامی کے ذریعے کیا جائے گا۔ داؤد ابراہیم کے یہ تمام اثاثے رتناگری کی تحصیل کھیڈ میں ہیں۔ داؤد کی سات اراضی اور ایک مکان نیلام ہوگا۔سافما کے عہدیدار نے بتایا کہ اس نیلامی میں بولی لینے والے 2 نومبر کو جائیداد کا معائنہ کرسکتے ہیں۔ 6 نومبر تک درخواست کا عمل مکمل ہو جائے گا اور بولی دہندگان کے ذریعہ جمع کروائے جائیں گے اور یہ نیلامی کا عمل 10 نومبر کو ای نیلامی، ٹینڈرنگ اور عوامی بولی کے ذریعہ مکمل ہوگا۔سیفما کے عہدیدار نے بتایا کہ داؤد کے ساتھ ممبئی میں ان کے قریبی مافیا اقبال مرچی کی ممبئی کی 2 املاک کو بھی نیلام کیا جائے گا۔ یہ دونوں املاک سینٹا کروز میں رہائشی عمارت کے اندر 2 فلیٹ ہیں، جن کی مالیت لاکھوں میں ہے۔ ان دونوں فلیٹوں کا رقبہ 1245 مربع فٹ بتایا جاتا ہے اور اس کی قیمت 3 کروڑ 45 لاکھ روپے ہے۔ معلومات کے مطابق داؤد اور اقبال مرچی کی جائیداد کو ویڈیو کانفرنسنگ کے عمل کے ذریعے نیلام کیا جائے گا۔ گذشتہ سال اپریل میں سیفما نے داؤد کی بہن حسینہ پارکر کے نام پر 600 مربع فٹ فلیٹ نیلام کیا تھا اور اسے 18 لاکھ میں فروخت کیا تھا۔90 کی دہائی میں، اسمگلنگ، بھتہ خوری، غیرقانونی سرگرمیاں، جعلی نوٹوں کی چھپائی، منشیات، غیر قانونی اسلحہ کی اسمگلنگ، جائداد غیر منقولہ، ہوٹل کا کاروبار اور دیگر کالے کاروبارکرنے والے داؤد ابراہیم کی پاکستان، متحدہ عرب امارات، ترکی اور دیگر ممالک میں اربوں کی جائیداد بن چکی ہے لیکن ان کے گاؤں کے آباؤ اجداد کا بنگلہ، زرعی اراضی اب نیلامی کی کگار پر ہے۔