جیت کی پٹری پر واپسی کے لئے اتریں گے اسمتھ اور وراٹ

Taasir Urdu News Network | Dubai  (United Arab Emitates) on 17-Oct-2020

دبئی: اپنے اپنے سابقہ ​​میچ ہار نے والی کپتان اسٹیون اسمتھ کی زیر قیادت راجستھان رائلز اور وراٹ کوہلی کی زیر قیادت رائل چیلنجرز بنگلور ہفتہ کو جیت کی پٹری پر واپسی کے ارادے سے مقابلہ میں اتریں گی ۔پچھلے میچ میں راجستھان کو دہلی کیپیٹلز کے خلاف 13 رن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ بنگلور کو کنگز الیون پنجاب نے آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ راجستھان کے آٹھ میچوں میں تین جیت ، پانچ ہار کے ساتھ چھ پوائنٹس ہیں اور پوائنٹس ٹیبل میں وہ ساتویں نمبر پر ہیں۔ بنگلور آٹھ میچوں میں پانچ جیت ،تین ہار کے بعد دس پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔راجستھان کی بیٹنگ لائین دہلی کے خلاف پرفارم کرنے میں ناکام رہی تھی۔ اگرچہ بین اسٹوکس اور جوس بٹلر نے ٹیم کو عمدہ آغاز فراہم کیا لیکن ٹیم آخر تک اس تال کو برقرار نہیں رکھ سکی اور اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ٹیم کے کپتان اسمتھ (1) بھی اپنی کارکردگی سے ٹیم کے حوصلے بلند کرنے میں ناکام رہے۔ مڈل آرڈر میں سنجو سیمسن (25) اور رابن اتھپا (32) نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ان کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ راجستھان کے ہاتھ سے نکل گیا۔راجستھان کو اسٹوکس سے کافی امیدیں ہیں اور بنگلور کے خلاف ان کی بیٹنگ ٹیم کے لئے بہت اہم ثابت ہوسکتی ہے۔ بنگلور کے لئے اسٹوکس اور بٹلر کی جوڑی کو سستے میں نمٹانا ضروری ہوگا۔ اس کے بعد وراٹ کی سینا کو اسمتھ اور بالآخر راہل تیوتیا کے چیلنج پر قابو پانا ہوگا۔ بالنگ میں راجستھان کی توقعات ایک بار پھر جوفرا آرچر ، جے دیو انادکت اور اسٹوکس سے ہوں گی ۔بنگلور کو پچھلی شکست سے سبق حاصل کرتے ہوئے راجستھان کے خلاف واپسی کرنا ہوگی۔ بنگلور نے پنجاب کے خلاف بیٹنگ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کپتان وراٹ نے ایک بار پھر اپنی کارکردگی سے ٹیم کو مضبوط کیا۔ تاہم انہیں بولنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے جو پنجاب کے خلاف مکمل ناکام تھی۔وراٹ نے پنجاب کے خلاف میچ کے بعد یہ بھی اعتراف کیا تھا کہ ٹیم کا بالنگ اٹیک اس میچ میں توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہا ہے۔ آئی پی ایل 13 میں دونوں ٹیموں کے مابین یہ دوسرا میچ ہوگا۔اس سیزن کے شروع میں راجستھان اور بنگلور کے مابین میچ کھیلا گیا تھا جہاں بنگلور نے راجستھان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔ بنگلور کی ٹیم اس ریکارڈ کو برقرار رکھنا چاہے گی جبکہ راجستھان پچھلی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے نظر آئے گا۔