دہلی کے نورٹجے نے پھینکی آئی پی ایل کی تیز ترین گیند

Taasir  Urdu News Network | Dubai (United Arab Emirates)  on 16-Oct-2020

دبئی: دہلی کیپٹلز کے جنوبی افریقی فاسٹ بالر اینریچ نورٹجے نے آئی پی ایل کی تاریخ کی تیز ترین گیند پھینکنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔26 سالہ نورٹجے نے بدھ کے روز راجستھان رائلز کے خلاف 156.22 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی جو آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے تیز گیند بن گئی۔ نورٹجے نے اس میچ میں 33 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ دہلی نے یہ میچ 13 رنز سے جیت لیا۔ وہ مین آف دی میچ رہے۔نورٹجے نے اس کامیابی کے بارے میں کہا کہ انہیں اس وقت اس سنگ میل کے بارے میں معلوم نہیں تھا اور وہ میچ کے بعد ہی جان پائے کہ انہوں نے آئی پی ایل کی تاریخ کی تیز ترین گیند پھینکی ہے۔ اگرچہ جوس بٹلر نے فائن لیگ پر گیند کو چار رن کے لئے نکال دیا تھا تاہم نورٹجے نے اگلی ہی گیند پر بٹلر کو 22 کے ذاتی اسکور پر بولڈ کردیا۔نورٹجے نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ میں نے 156 کلومیٹر کی رفتار سے بولنگ کی ہے۔ یہ سن کر خوشی ہوئی۔ میں تیز بولنگ کرتے ہوئے اسٹمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا تھا۔ ہمارے پاس اچھے کوچ ہیں اور کیگیسو ربادا اور دیگر فاسٹ بولروں کے ساتھ مل کر کام کرنے میں لطف اندوز ہورہے ہیں۔نورٹجے نے اس میچ میں پہلے 155.21 اور 154.74 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بھی بولنگ کی تھی۔ نورٹجے نے اس معاملے میں اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ آئی پی ایل کے اس ٹورنامنٹ سے پہلے سب سے تیز گیند پھینکنے کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے ہی ڈیل اسٹین کے نام تھا۔ اسٹین نے 2012 میں دکن چارجرز کے لئے کھیلتے ہوئے 154.5 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی تھی ۔سیزن شروع ہونے سے پہلے دہلی کیپٹلز نے نورٹجے کو انگلینڈ کے آل راؤنڈر کرس ووکس کی جگہ شاملکیا تھا ۔ نورٹجے نے آئی پی ایل 2020 میں اب تک آٹھ میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔