دہلی کے کئی علاقوں میں آلودگی میں اضافہ، سانس لینا بھی مشکل

Taasir Urdu News Network | New Delhi  (India)  on 27-Oct-2020

نئی دہلی:  قومی دارالحکومت دہلی میں ائیر کوالٹی دھیرے دھیرے بیحد خراب ہوتی جا رہی ہے۔ اس سے دہلی میں لوگوں کا صاف ستھری آب وہوا میں سانس لینا مشکل ہو گیا ہے۔ اس کے پیش نظر بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر آلودگی کے پیش نظر لوگوں کی آنکھوں میں جلن تک ہونے لگی ہے۔ آلودگی کا عالم یہ ہے کہ کئی مقامات پر وزیبلٹی کافی کم ہو گئی ہے۔ صبح صبح دھند چھانے کی وجہ سے سڑکوں پر دکھائی دینا مشکل ہو گیا ہے۔دہلی میں منگل کی صبح کئی مقامات پر ائیر کوالٹی انڈیکس کافی خراب زمرے میں درج کی گئی۔ روہنی میں ائیر کوالٹی انڈیکس 346 ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح آر کے پورم میں ائیر کوالٹی انڈیکس 329 تو آنند وہار میں 377 تک درج کیا گیا۔ دریں اثناء اگر منڈکا کی بات کریں تو یہاں پر اے کیو آئی 363 ہے۔ دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی کے اعداد وشمار کے مطابق، ان سبھی چار مقامات پر ائیر کوالٹی انڈیکس ’بہت خراب‘ زمرے میں ہے۔ اس سے ہوا زہریلی ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ 0 اور 50 کے درمیان اے کیو آئی کواچھا، 51 اور 100 کے درمیان ‘ اطمینان بخش’، 101 اور 200 کے درمیان’متوسط‘، 201 اور 300 کے درمیان ’خراب‘ اور 301 اور 400 کے بیچ بیحد خراب اور 401 سے 500 کے درمیان ’ انتہائی سنگین‘ مانا جاتا ہے۔واضح رہے کہ پیر کے روز ہی آنند وہار علاقے میں ہوا کا معیار بیحد خراب زمرے میں پہنچ گیا تھا۔ دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی کے اعداد وشمار کے مطابق، آنند وہار میں پیر کی صبح کو ائیر کوالٹی انڈیکس بیحد ہی سنگین صورت حال میں درج کیا گیا تھا۔ یہاں اے کیو آئی 405 تک پہنچ گیا تھا جسے بیحد سنگین زمرے میں مانا جاتا ہے۔