زیادہ جانچ سے کووڈ۔ 19 کے خلاف لڑائی مستحکم ہوئی: ہرش وردھن

Taasir Urdu News Network | New Delhi  (India)  on 23-Oct-2020

نئی دہلی: مرکزی وزیر صحت و خاندانی فلاح و بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے کورونا وائرس کے دس کروڑ سے زیادہ ٹسٹ ہونے پر کہا کہ جانچ کی رفتار میں آئی غیر معمولی تیزی کووڈ۔19 کے خلاف لڑائی کو اور مضبوطی دے رہی ہے۔ڈاکٹر ہرش وردھن نے جمعہ کو ٹوئٹ کیا کہ ’’ملک میں کورونا کے دس کروڑ سے زیادہ ٹسٹ ہوچکے ہیں۔ کووڈ کے انفیکشن کو کنٹرول کرنے میں جانچ کا اہم کردار ہوتا ہے۔ کورونا جانچ کی رفتار میں آئی غیرمعمولی تیزی کووڈ۔19 کے خلاف لڑائی کو اور مضبوطی دے رہی ہے۔واضح رہے کہ دنیا میں کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں ہندوستان دوسرے مقام پر ہے اور اس کی روک تھام کے لئے جانچ پر زور دیا جارہا ہے۔ملک میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے زیادہ سے زیادہ جانچ کرکے انفیکشن کا پتہ لگانے کی مہم میں 22 اکتوبر کو مسلسل دوسرے دن چودہ لاکھ سے زیادہ جانچ کی گئی ہے اور مجموعی طور سے جانچ کا اعدادوشمار دس کروڑ سے زیادہ ہوگیا ہے۔ اکتوبر کے مہینے میں ایک دن میں تیسری مرتبہ چودہ لاکھ سے زیادہ جانچ کی گئی ہے۔