سب سے زیادہ مشکل دور سے گزر رہی ہے بھارتی جمہوریت: سونیا گاندھی

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India)  on 19-Oct-2020

نئی دہلی: کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی نے کہا کہ ہندوستان کی جمہوریت اپنے سب سے مشکل دور سے گزر رہی ہے۔ سونیا کی پارٹی کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یہ بات کہی جس میں زرعی قوانین اور دلتوں پر مبینہ مظالم کے معاملے پر ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے کے خاکے پر غور کیاگیا۔کانگریس کی جنرل سکریٹری اور ریاستی انچارج کی میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے تین زرعی قوانین کووڈ 19کی وبا سے نمٹنے معیشت کی حالت اور دلتوں کے خلاف مبینہ مظالم کے معاملے پرمرکزی سرکار پر تیکھا وار کیا ہے۔میٹنگ کے بعد کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال نے کہا کہ پارٹی نے مرکز میں بی جے پی کی زیر قیادت حکومت کی کسان مخالف،خواتین مخالف، غریب مخالف اور عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف پروگرام کرنے کا فیصلہ شروع کیا ہے۔گزشتہ مہینے کانگریس میں ایک اہم تنظیم کے ردو بدل کے بعدسونیا گاندھی نے پہلی بار جنرل سکریٹریوں اور ریاست کے انچارجوں کی میٹنگ کی صدارت کی۔پارٹی نے کہا کہ مخالف کسان بل کومشترکہ اپوزیشن اور ہاتھرس کی عصمت دری متاثرہ کے لئے ہماری جدوجہد کی لڑائی کی سمت میں31اکتوبر کو سردار ولبھ بھائی پٹیل کی جینتی اور اندرا گاندھی کے یوم قربانی کو کسانوں کے حقوق کا دن کے طور پر منانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔کسانوں کے حقوق دیوس کے تحت کانگریس زرعی قوانین کے خلاف صبح 10بجے سے شام چار بجے تک ہر ضلع ہیڈ کوارٹر میں’ستیہ گرہ اور اپواس ‘ کرے گی۔پارٹی پانچ نومبر کوخواتین اور دلت استحصال مخالف دیوس منائے گی جس میں صبح 10بجے سے دوپہر دو بجے تک ہر ضلع ہیڈ کوارٹر میں ریاستی سطح پر دھرنا دیاجائے گا۔