لیگ میچوں میں سپر اوور کی ضرورت نہیں: منجریکر

Taasir Urdu News Network | New Delhi  (India)  on 20-Oct-2020

نئی دہلی: ہندستانی ٹیم کے سابق کھلاڑی اور کمنٹیٹر سنجے منجریکر کا خیال ہے کہ آئی پی ایل کے لیگ میچوں میں سپر اوور کی ضرورت نہیں ہے۔آئی پی ایل میں اب تک چار سپر اوور کھیلے جا چکے ہیں۔ اتوار کے روز کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور سن رائزرس حیدرآباد کے مابین میچ سپر اوورز میں طے ہواتھا جہاں کولکتہ نے کامیابی حاصل کی جبکہ ممبئی انڈینز اور کنگز الیون پنجاب کے درمیان میچ ٹائی رہنے کے بعد سپر اوور کرایا گیا تھا۔ کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ ایک سپر اوور ٹائی رہنے کے بعد دوسرا سپر اوور کرایا گیا جہاں پنجاب نے کامیابی حاصل کی۔منجریکر کا خیال ہے کہ آئی پی ایل لیگ میچوں میں سپر اوورز کی ضرورت نہیں ہے اور یہ پلے آف میچوں میں ہونا چاہئے۔ منجریکر نے ٹویٹ کیا کہ جب لیگ راؤنڈ بہت بڑا ہوتا ہے تو سپر اوور کی ضرورت نہیں ہوتی ہے۔ میرے مطابق ضرورت پڑنے پر سپر اوورز کو پلے آف میں رکھنا چاہئے۔