مدرسہ جدت کاری کیلئے اہم ’فیصلہ‘ ،25 لاکھ تک کی مالی مدد

Taasir Urdu News Network | Jaipur (Rajasthan) on 17-Oct-2020

جے پور: راجستھان میں مدارس کی نام نہاد ’ترقی ‘کیلئے گہلوت حکومت 25 لاکھ روپے تک کی مالی مدد فراہم کرے گی۔ یہ امدادی رقم وزیراعلیٰ مدرسہ ماڈرنائزیشن (جدت کاری )اسکیم کے تحت دی جائے گی۔ اس سلسلے میں سکریٹری راجستھان مدرسہ بورڈ کی طرف سے ایک پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔ اس کے مطابق راجستھان مدرسہ بورڈ میں رجسٹرڈ مدارس کی جدت کاری کیلئے وزیراعلیٰ مدرسہ ماڈرنائزیشن اسکیم کے تحت درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ اس کی ابتدائی تاریخ 14 اکتوبر ہے ، جبکہ درخواست دینے کی آخری تاریخ 29 اکتوبر 2020 ہے۔مدرسہ بورڈ کے سکریٹری کی طرف سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ درخواست دیتے وقت یہ واضح رہے کہ اسکیم میں رجسٹرڈ مدارس کی ترقی کے لئے درس گاہ ، مطبخ کا شیڈ ، پینے کے پانی کی سہولیات اور بیت الخلاء وغیرہ تیار کیے جائیں گے۔ پرائمری لیول کے مدارس کو زیادہ سے زیادہ 15 لاکھ روپے اور اپر پرائمری لیول کے مدرسوں کو زیادہ سے زیادہ 25 لاکھ روپے مہیا کئے جانے کی ’تجویز ‘ ہے ۔خیال رہے کہ منصوبہ میں منظور شدہ کل رقم کا 90 فیصد ریاستی حکومت اور 10 فیصد مدرسہ مینجمنٹ کمیٹی برداشت کرے گی۔ اسکیم میں دلچسپی رکھنے والے مدارس کے ذریعہ مطلوبہ درخواست فارم، ضروری دستاویزات کے متعلقہ ڈسٹرکٹ اقلیتی بہبود افسر کو پیش کیا جائے گا۔ اس سکیم کی تمام تفصیلی معلومات محکمہ اقلیتی امور کی ویب سائٹ پر دستیاب ہوں گی۔