ممبئی پولیس نے ری پبلک ٹی وی کے سی ایف او کوبھیجا سمن ، انکوائری کیلئے طلب

Taasir  Urdu News Network | Mumbai (Maharashtra)  on 10-Oct-2020

ممبئی: جعلی ٹی آر پی معاملہ کی تفتیش کے سلسلے میںری پبلک ٹی وی ممبئی پولیس کا شکنجہ کستاہوا نظر آرہا ہے ۔ تازہ اطلاع کے مطابق ممبئی پولیس نے ری پبلک ٹی وی کے چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کو سمن بھیجا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ ممبئی پولیس نے ری پبلک ٹی وی کے سی ایف او سے کل پوچھ گچھ کے لئے حاضر ہونے کو کہا ہے۔ممبئی پولیس نے ’فقط مراٹھی‘ اور’ باکس سنیما‘ کے کچھ دوسرے عہدیداروں سے بھی کل تفتیشی ٹیم کے سامنے پوچھ گچھ کے لئے حاضر ہونے کو کہا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں چینل چلانے والوں کو ممبئی پولیس نے پہلے ہی گرفتار کرلیا ہے اور 13 اکتوبر تک انہیں پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ایک جعلی ٹی آر پی کیس میں ممبئی پولیس نے چینل کی تشہیر کرنے والی ایجنسیوں کے افسران کو بھی طلب کیا ہے۔ ممبئی پولیس کو موصولہ اطلاعات کے مطابق جعلی ٹی آر پی کیس میں مطلوب دو افراد دنیش وشوکرما اور ونئے ترپاٹھی فی الحال مفرور ہیں۔ ممبئی پولیس کی ٹیم ان کی تلاش میں مصروف ہے۔