ہاتھر س معاملہ:اہل خانہ نے الہٰ آباد ہائیکورٹ میں داخل کی عرضی

Taasir  Urdu News Network |  New Delhi  (India)  on 08-Oct-2020

نئی دہلی: اترپردیش کے ہاتھرس واقعہ کو لیکر روز نئے نئے انکشاف ہورہے ہیں۔اہم ملزم سندیپ نے جیل سے خط لکھ کر متاثرہ اہل خانہ کے خلاف بڑا بیان جاری کیا ہے۔ملزم نے الزام لگایا ہے کہ لڑکی کے ساتھ اس کی دوستی تھی۔جو کہ اس کے اہل خانہ کو پسند نہیں تھی۔ ہم کھیت میںاس سے ملنے گئے تھے۔اسی بات سے ناراض ہوکر ماں اور بھائی نے اس کی پٹائی کی جس سے اس کی موت ہوگئی۔اب اس معاملے کو لیکر متاثرہ خاندان نے الہٰ آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی ہے۔ اہل خانہ نے ہائی کورٹ سے مانگ کی ہے کہ اسے لوگوں سے ملنے کی پوری چھوٹ دی جائے اور انہیں اپنی بات کھل کرسامنے رکھنے کا موقع دیا جائے۔واضح رہے کہ متاثرہ خاندان کی طرف سے سماجی کارکن سریندر کمار نے عرضی داخل کی ہے۔عرضی میں کہاگیا ہے کہ پولیس انتظامیہ کی بندشوں کی وجہ سے متاثرہ کا خاندان گھر میں قید ہوکر رہ گیا ہے۔بندشوں کی وجہ سے سبھی لوگ ملنے نہیں آپارہے ہیں۔ گھر والے کسی سے کھل کر کوئی بات نہیں کہہ پارہے ہیں۔اتنا ہی نہیں متاثرہ کے فریق کا الزام ہے کہ انتظامیہ اسے گھر سے باہر نہیںنکلنے دے رہی ہے۔انصاف پانے کیلئے متاثرہ خاندان سے بندشیں ہٹائی جائے۔درخواست گزار سریندر کمار کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے متاثرہ خاندان کی طرف سے عرضی داخل کی ہے۔متاثرہ خاندان نے انہیں فون کر ان کی طرف سے عرضی داخل کرنے اور کورٹ سے دخل دینے کی گزارش کی تھی۔واضح رہے کہ ہائی کورٹ میں آج اس معاملے میں سنوائی ہوسکتی ہے۔