سیاست

انتخابات میں فتح حاصل کرکے مودی حکومت نے عوام کو مہنگائی کی آگ میں جھونک ا: بھوپیندر گپتا

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Bhopal (Madhya Pradesh)  on 21-November-2020

بھوپال: پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ایک مرتبہ پھر سے مودی حکومت نے عوام کو مہنگائی کی آگ میں جھلسا دیا ہے۔ یہ الزامات مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے میڈیا ڈپارٹمنٹ کے نائب صدر بھوپیندر گپتا نے حکومت پر لگائے ہیں۔ انہوں نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جب پوری دنیا میں کروڈ آئل کی قیمتیں کم ہورہی ہیں تب ہندوستان ہی ایک ایسا ملک ہے جہاں پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی جارہی ہیں۔ بھوپیندر گپتا نے بروز ہفتہ ایک بیان جاری کرکے حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 0.65 ڈالر فی لیٹر پیٹرول ہے جبکہ ہندوستان میں تقریباً 1.3 ڈالر فی لیٹر ہے۔ یہ سرکاری منافع خوری ہے۔ گپتا نے اظہار تعجب کرتے ہوئے کہا کہ یہ قیمتیں جب انتخابات ہوتے ہیں تو پھر کیسے مستحکم ہوجاتی ہیں۔ حکومت آخر عوام کو دھوکہ کیوں دینا چاہتی ہے۔ بھوپیندر گپتا نے مرکزی اور ریاستی حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی شرح دوڑ لگا رہی ہے۔ تھوک اور خوردرہ بازار عروج پر ہیں۔ دال، تیل اور سبزی غریب کی پہنچ سے باہر ہورہے ہیں۔ ایسے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ آگ میں گھی کا کام کرے گا۔ انہوں نے قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قیمتیں اگر کم نہیں ہوئیں تو جلد ہی بی جے پی کو ریاست گیر عوامی تحریک کا سامنا کرنا پڑے گا۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper