ہندوستان

اندور میں کورونا کے ریکارڈ 492 نئے معاملے، تین مزید اموات

Taasir Newspaper
Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Indore (Madhya Pradesh)  on 21-November-2020

اندور: مدھیہ پردیش کی اقتصادی راجدھانی اندور میں کورونا کے نئے مریضوں اور متوفیان کی تعداد پھر بڑھنے لگی ہے۔ نومبر کے پہلے ہفتہ میں یہاں 100 سے کم نئے مریض مل رہے تھے، لیکن اب یہ اعداد دوبارہ 400 کے پار پہنچ گیا ہے۔ یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 492 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ یہ تعداد ایک دن میں سب سے زیادہ ہے۔ اس سے پہلے یہاں 29 ستمبر کو ایک دن میں سب سےزیادہ 482 نئے متاثرین ملے تھے۔ وہیں اندور میں تین لوگوں کی موت بھی ہوئی ہے۔ اس کے بعد یہاں متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 37 ہزار 115 ہوگئی ہے اور متوفیان کی تعداد 729 ہوگئی ہے۔ اندور کی انچارج چیف میڈیکل نیز ہیلتھ افسر ڈاکٹر پورنما گاڈریا نے بروز ہفتہ بتایا کہ ایم جی ایم میڈیکل کالج کے ذریعہ جمعہ دیر رات 4684سیمپلوں کی جانچ رپورٹ جاری کی گئی۔ ان میں 492 رپورٹ مثبت ملی ہیں، جبکہ باقی رپورٹ نگیٹو آئی ہیں۔ ان نئے معاملوں کے ساتھ ضلع میں اب متاثرہ مریضوں کی کل تعداد 37 ہزار 115ہوگئی ہے۔ وہیں اندور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے تین مریضوں کی موت کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہاں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 729 ہے۔ حالانکہ اندور میں کورونا کے مریض تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں اور اپنے گھر پہنچ رہے ہیں۔ لیکن مسلسل زیادہ تعداد میں نئے متاثرین ملنے سے یہاں فعال مریضوں کی تعداد بڑھ کر 2693 ہوگئی ہے۔ جن کا مختلف اسپتالوں اور ہوم کوارینٹائن میں علاج جاری ہے۔

About the author

Taasir Newspaper

Taasir Newspaper