ادھو سرکار ہر محاذ پر ناکام : فڈنویس

Taasir Urdu News Network | Mumbai (Maharashtra)  on  28-November-2020

ممبئی: مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما اور سابق وزیر اعلی دیویندر فڈنویس نے الزام لگایا کہ ادھو ٹھاکرے حکومت کا ایک سالہ دور حکومت ناکامیوں سے بھر ی ہوئیہے۔ یہ حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ ریاست کے عوام اس حکومت میں پریشان ہوچکے ہیں۔ فڈنویس نے ہفتہ کے روز ادھو ٹھاکرے حکومت کی کالی پتریکا نامی کتاب کا اجرا کیا ۔ فڈنویس نے کہا کہ پچھلے ایک سال سے ، ادھو حکومت صرف انتقام کے احساس کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ نے ادھو حکومت کی سرزنش کی ہے۔ عدالتی سرزنش کے بعد وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے کا بیان افسوسناک ہے۔ ادھو نے کہا ہے کہ جو بھی ان کے سامنے آئے گا اس سے نمٹنے کی وہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ فڈنویس نے کہا کہ وزیر اعلی کے منہ سے ایسا انتقامی بیان بے حیائی ہے۔ اس سے پہلے کسی بھی وزیر اعلی نے اس طرح کے بیانات نہیں دیئے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے کو مہاراشٹر کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی رائے سے دھوکہ دہی کے بعد ادھو حکومت اقتدارمیں آئی ہے۔ اس حکومت کا عوامی مسائل سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ ادھو ٹھاکرے کھیت میں گئے تھے اور کسانوں کو اس نقصان کی تلافی کی یقین دہانی کرائی تھی ، لیکن وزیر اعلی بننے کے بعد اپنی یقین دہانی کو بھول گئے۔ حکومت نے دھان کی کاشت کرنے والے کاشتکاروں کو بونس دیا ہے ، یہ خوش آئند ہے ، لیکن سویا بین اور کپاس کے کاشتکاروں کی حالت اب بھی سنگین ہے۔ اسی طرح موسلادھار بارش سے متاثرہ کسانوں کو اب تک کسی نقصان کی تلافی نہیں کرسکے ہیں۔ فڈنویس نے کہا کہ جب بی جے پی لوگوں کی مشکلات پر احتجاج کرتی ہے تو وزیر اعلی اس کی شکایت وزیر اعظم سے کرتے ہیں۔ سابق وزیر اعلی نے کہا کہ ان کا عہد ریاست کے عوام سے وابستہ ہے ، لہذا وہ حکومت کے خلاف احتجاج کرتے رہیں گے۔