سعودی عرب: ویٹرنز ڈے کی تقریب میں دھماکہ3زخمی

Taasir Urdu News Network | Jeddah (Saudi Arab)  on 13-November-2020

جدہ: سعودی عرب کے شہر جدہ میں ایک غیر مسلم قبرستان میں پہلی جنگ عظیم کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بم دھماکہ ہوا جس میں کم از کم تین افراد زخمی ہو گئے۔ایک دیسی ساختہ بم بدھ کے روز اس وقت پھٹا جب ایک فرانسیسی قونصلر نے پہلی جنگ عظیم کی 102ویں برسی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں اپنی تقریر ختم کی تھی۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی اہل کاروں نے علاقے کو اپنے محاصرے میں لے لیا اور قبرستان کی طرف جانے والی سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت روک دی۔ سعودی عہدے دارے حملے کے بارے میں تحقیقات کر رہے ہیں۔فرانسیسی وزارتِ خارجہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ متعدد ملکوں کے سفارتی نمائندے اس تقریب میں شامل تھے، جو کہ غیر مسلم قبرستان میں منعقد کی گئی تھی۔ تاہم زخمی ہونے والوں کی شناخت واضح نہیں ہو سکی۔بدھ کے اس واقعے سے قبل 29 اکتوبر کو جدہ ہی میں فرانسیسی قونصلیٹ کے ایک گارڈ کو خنجر سے وار کر کے زخمی کر دیا گیا تھا۔ یہ حملہ ایک سعودی شہری نے کیا تھا۔ تاہم حملے کے پیچھے کارفرما مقصد واضح نہیں ہو سکا۔