لالو فون کرکے لیڈروں کو لالچ دے رہے ہیں،مکیش ساہنی اور مانجھی کا الزام

Taasir Urdu News Network | Patna (Bihar)  on  26-November-2020

پٹنہ: بہار کی سیاست میں ایک فون کال کے بعد ہلچل پیداہوگئی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما سشیل مودی نے الزام لگایا کہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو رانچی سے فون کرکے این ڈی اے کے ممبروں کو لالچ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ سشیل مودی کے بعد اب مکیش ساہنی اور جتن رام مانجھی نے بھی یہی الزامات عائد کیے ہیں۔ مبینہ فون کال کے بعد بہار کی سیاست میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ نتیش حکومت کے وزیر اور وی آئی پی کے چیئرمین مکیش ساہنی نے لالو یادو پر کال کرنے اور حمایت مانگنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اور سابق سی ایم جیتن رام مانجھی کا بھی دعوی ہے کہ لالو یادو نے ان سے بھی بات کرنے کی کوشش کی۔ اور ان کے ممبران اسمبلی کو بھی لالچ دی گئی۔ مانجھی نے اس معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔سابق چیف منسٹر جیتن رام مانجھی نے الزام لگایا ہے کہ نتیش کمار حکومت گرانے کے لئے انہیں آر جے ڈی سپریمو لالو پرساد یادو سے بھی فون آیا تھا۔ جیتن رام مانجھی نے آج یہ سنسنی خیز انکشاف کیا۔ مانجھی نے کہا کہ لالو نے انہیں جیل سے فون کیا تھا اور ان سے بات کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، لیکن انہوں نے بات نہیں کی۔سابق سی ایم جیتن رام مانجھی نے کہا کہ لالو پرساد جیل میں بیٹھے سیاست کررہے ہیں اور یہ ایک غلط روایت ہے اور میں مطالبہ کرتا ہوں کہ اس کی تحقیقات ہونی چاہئے۔ میرے ممبران اسمبلی سے بھی رابطہ کیا گیا اور انہیں وزیربنانے کا لالچ دیا گیا۔