مرکز کے زرعی قوانین کسان مخالف ہیں، پرامن مظاہرہ کسانوں کا حق : کیجریوال

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India)  on  26-November-2020

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور کسانوں کے مطالبات کی حمایت کی۔ کجریوال نے کہاکہ مرکزی حکومت کے تینوں زرعی بل کسان مخالف ہیں۔ اس بل کو واپس لینے کے بجائے کسانوں کو پرامن مظاہرے کرنے سے روکا جارہا ہے، ان پر واٹر کینن چلائے جارہے ہیں۔ کسانوں کے خلاف اس طرح کی کارروائی بالکل غلط ہے۔ پرامن احتجاج ان کا آئینی حق ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے زیر اقتدار پنجاب کے ہزاروں کسان ہریانہ کی سرحد پر جمع ہوئے ہیں اور وہ دہلی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ تاہم پولیس نے بیریکیڈ لگا کر اور پانی کا چھڑکائوکر کے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ مشتعل کسانوں نے بھی بریکیڈ توڑ کرندی میں پھینک دیا اور آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ ہریانہ پولیس نے سماجی کارکن یوگیندر یادو کو بھی گرفتار کیا۔ دہلی میں جمعرات اور جمعہ کو پنجاب کے علاوہ اتراکھنڈ، راجستھان، ہریانہ، کیرالہ اور اتر پردیش کے کسان بھی احتجاج اور مارچ کرنے جارہے ہیں۔