مشہور فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی موت پر وزیراعظم نریندرمودی کااظہارتعزیت

Taasir Urdu News Network | New Delhi (India)  on  26-November-2020

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ارجنٹینا کے مشہور فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی موت پر تعزیت کی ہے۔ مودی نے ٹویٹ کیا ، “ڈیاگو میراڈونا فٹ بال کے ماسٹر تھے ، جنھوں نے عالمی سطح پر مقبولیت حاصل کی۔ اپنے کیریئر کے دوران ، انہوں نے ہمیں فٹ بال کے میدان میں کچھ بہترین کھیلوں کے لمحات بخشے ہیں۔ ان کی بے وقت موت سے ہم سب دکھی ہیں، اس کی روح کو سکون ملے۔ یادرہے کہ بدھ 25 نومبر کو ڈیاگو میراڈونا کا 60 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا۔ میراڈونا کو فٹ بال کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ ان کا پیشہ ورانہ فٹ بال کیریئر 21 سال تک جاری رہا۔ انہوں نے 1986 میں ارجنٹیناکو ورلڈ کپ جتانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔ اس ٹورنامنٹ میں ان کا عالمی مشہور گول بھی شامل ہے ، جسے “ہینڈ آف گاڈ” کے نام سے جانا جاتا ہے۔ ارجنٹینا نے اس گول کی مدد سے انگلینڈ کو ٹورنامنٹ سے باہر کردیاتھا۔ میراڈونا نے بوکا جونیئرز ، ناپولی اور بارسلونا کلب کے لئے فٹ بال کھیلا ہے۔ پوری دنیا میں اس کے مداحوں کی بہت بڑی تعداد ہے۔ نشہ اور شراب کی لت کی وجہ سے وہ کئی بار تنازعات میں بھی رہے۔