پاکستان میں کرونا سے مزید 45 اموات، فرانس میں پابندیوں میں نرمی

Taasir Urdu News Network | London (International)  on  28-November-2020

لندن: پاکستان میں کرونا کے مزید 3045 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ مہلک وائرس سے مزید 45 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ فرانس میں حکام نے ضروری اشیا کے علاوہ بعض دیگر دکانیں کھولنے کی بھی اجازت دی ہے تاہم ریستوران اور بارز بدستور بند رہیں گے۔فرانس اور یورپ کے بعض ممالک نے ضروری اشیا کے علاوہ بعض دیگر کاروبار کھولنے کی بھی اجازت دے دی ہے تاہم بازار اور ریستوران بدستور بند رہیں گے۔خبر رساں ادارے فرانس 24 کے مطابق وائرس کے پھیلاؤ میں کچھ کمی آنے اور کرسمس کی چھٹیوں کے پیشِ نظر بعض کاروبار کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔کئی ممالک کرسمس اور نئے سال کے پیشِ نظر پابندیوں میں ںرمی کا ارادہ رکھتے ہیں۔ دنیا کے کئی ممالک کو اْمید ہے کہ یہ کرونا وبا کی آخری لہر ثابت ہو گی کیوں کہ اس کے بعد ویکسین کی فراہمی کا عمل شروع ہو جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ فرانس میں جمعے کو 12 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ گزشتہ جمعے 22 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہوئے تھے۔گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اسپتال میں داخل ہونے والے مریضوں کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔پاکستان میں کرونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 45 افراد ہلاک جب کہ مزید 3045 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار سے زائد ٹیسٹس کیے گئے۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں 2172 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1672 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔پاکستان میں کرونا کے مجموعی کیسز کی تعداد تین لاکھ 92 ہزار سے بڑھ گئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے اب تک 7942 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔جب کہ جنوبی کوریا میں علامات ظاہر نہ ہونے سے کرونا وائرس کی تشخیص میں مشکلات کا سامنا ہے اور وائرس کے خاموشی سے پھیلاؤ سے کیسز بڑھ رہے ہیں۔جنوبی کوریا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 524 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کو وائرس کی تیسری لہر کا سامنا ہے۔جنوبی کوریا کے حکام کے مطابق نوجوانوں میں بھی وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، جب کہ بغیر علامات کے کیسز رپورٹ ہونے کی شرح 40 فی صد تک پہنچ گئی ہے، جو جون میں 20 سے 30 فی صد کے درمیان تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ سرد موسم کے باعث کیسز مزید بڑھ رہے ہیں۔ کیوں کہ لوگ بند مقامات پر بیٹھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔جنوبی کوریا میں مجموعی طور پر کرونا کے 32 ہزار سے زائد کیس رپورٹ ہو چکے ہیں، جب کہ مہلک وائرس سے 500 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔