گورنر نے غیرقانونی مذہب کی تبدیلی کے خلاف آرڈیننس کو منظوری دے دی

Taasir Urdu News Network | Lucknow (Uttar Pradesh)  on  28-November-2020

لکھنؤ: اتر پردیش کی گورنر آنندی بین نے ریاست میں غیرقانونی طریقہ سے مذہب کی تبدیلی کے خلاف آرڈیننس کے مسودے کو اپنی منظوری دے دی ہے۔ یوگی کابینہ نے ، منگل کے روز ، ‘ یو پی غیر قانونی مذہب کی تبدیلی ممانعت آرڈیننس ، 2020 ‘ کو منظور کر دیا تھا ۔ اس کے بعد ، اسے منظوری کے لئے گورنر کے پاس بھیجا گیا ، انہوں نے آج قبول کرلیا ہے۔ جیسے ہی گورنر کے ذریعہ اس بل کو منظوری مل گئی ہے اب ریاست میں اس کو ایک آرڈیننس کے طور پر نافذ کردیا گیا ہے۔ گورنر کی جانب سے بل کی منظوری کے بعد ، اب اسے چھ ماہ کے اندر مقننہ کے دونوں ایوانوں میں منظور کروانا پڑے گا ، جس کے بعد یہ قانون ریاست میں نافذ ہوجائے گا۔ اس کی خلاف ورزی کرنے پر کم سے کم 01 برس اور زیادہ سے زیادہ 05 برس کی سزا اور 15000 روپے جرمانہ ہوگا ۔ نابالغ لڑکی ، شیڈ ولڈ ذات یا شیڈول ٹرائب خاتون کے سلسلے میں ، دفعہ 3 کی خلاف ورزی کرنے پر کم سے کم 03 برس اور زیادہ سے زیادہ 10 برس قید اور جرمانہ 25000 روپے ہوگا۔ آرڈیننس کے مطابق ، ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو مذہب تبدیل کر نے کے لئے دو ماہ قبل بتانا ہوگا۔ اس کی خلاف ورزی پر 06 ماہ سے 03 برس تک کی سزا کی فراہمی کا بندوبست کیا جارہا ہے اور جرمانہ 10000 روپے سے کم نہیں ہوگا