Taasir Urdu News Network | Hazipur (Bihar) on 24-December-2020
حاجی پور ویشالی: شرافت خاں محض کچھ ہی دن پہلے پاتےپور کے بلیگاؤ تھانہ علاقہ میں ہوئی کسٹمر سروس سینٹر میں ڈکیتی کی واردات کا 24 گھنٹے کے بعد ویشالی پولیس نے پردہ فاش کیا ہے ۔ پولیس نے کسٹمر سروس سینٹر ڈکیتی میں 3 مجرموں کی گرفتاری کے ساتھ 50،000 روپے بھی برآمد کرلئے ہیں۔ ایس ڈی پی او مہوا پونم کیسری نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے ذریعے مذکورہ بالا معلومات دیں ۔ انہوں نے بتایا کہ منگل کو مہوا سب ڈویژن علاقے کے ایک ایس بی آئی کسٹمر سروس سینٹر سے جرائم پیشوںنے دن کی اجالے میں ہی ہتھیار کے زور پر 1 لاکھ 30 ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے تھے ۔ واقعے کے بعد پولیس سپرنٹنڈنٹ ویشالی کی ہدایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کے اس واقعے میں ملوث تینوں مجرموں کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ اسی کے ساتھ ہی واقعے میں ملوث لائنر کی بھی تلاش کی جارہی ہے۔ یہ کامیابی مہوا کی ایس ڈی پی او پونم کیسری کی سربراہی میں حاصل ہوئی ہے ۔ ٹیم میں ڈی آئی یو پولیس انسپکٹر پرشانت کمار کے علاوہ بیلیگان تھانہ صدر چھوٹے لال پٹواری، کتھڑا او پی صدر کرشن دیو خطئیٹ بھی شامل تھے ۔ ایس ڈی پی او پونم کیسری نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ اس معاملے میں چھاپہ مار کر تین مجرموں کو گرفتار کیا گیا ہے ،جبکہ مجرموں کے پاس سے تین دیسی کٹا ، آدھا درجن زندہ کارتوس ،واقعہ میں استعمال ایک موٹر سائیکل ، لوٹ مار کا ایک کمپیوٹر سیٹ، دو ٹیب کے ساتھ 50,000 روپے بھی برآمد کرلیا گیا ہے ۔ڈی ایس پی پونم کیسری نے ابھی بتایا کہ اس لوٹ کانڈ کو انجام دینے والے مجرم کرم ویر کمار عرف دیشمکھ ایک انتہائی شاطر مجرم ہے جس نے ڈکیتی کے واقعہ کو انجام دیا ہے ۔ انہوں نے ویشالی ضلع میں متعدد وارداتیں کیں ۔ وہ پانچ بار جیل بھی جا چکا ہے اور مسلسل مجرمانہ واقعات کا ارتکاب کرتا رہا ہے ۔ اس معاملے میں کرمویر کے ساتھ سورج کمار ، میتھون سہنی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ اسی کے ساتھ ہی دیگر مجرموں کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔ اس کیس کی تحقیقات میں شامل پولیس افسر کو ایوارڈ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔