ملیالم اداکار کی پانی میں ڈوبنے سے موت

Taasir Urdu News Network | Triventampuram (Kerala)  on  26-December-2020

ترواننت پورم : ٹی وی اینکر سے بنے فلمی اداکار انیل نیدومنگڈو کی میت ہفتہ کے روز ترواننت پورم میں ان کے گھر لائی جائے گی۔ قبل ازیں اس کی لاش کو کورونا معائنہ اور پوسٹ مارٹم کے لئے کوٹائیم میڈیکل کالج اسپتال لے جایا جائے گا۔آخری رسوم بعد میں کی جائے گی۔ یادرہے کہ “ایپنم کوشیم ” فلم میں ایک پولیس آفیسر کا شاندار کردار اداکرنے والے48سالہ فلم اداکار انیل نیدومنگڈو کا جمعہ کی شام ملانکرہ ڈیم کے قریب نہاتے ہوئے ڈوبنے کی وجہ سے موت ہوگئی۔ وہ اپنی نئی فلم ‘ پیس ‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں تھوڈوپوزہ میں تھے۔ شام 6 بجے کے قریب انہیں نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ انیل نیدومنگڈو نے ملیالم ٹیلیویژن چینلز میں بطور اینکر کیریئر کی شروعات کی اور پھر متعدد فلموں میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ملیالم فلم انڈسٹری کے اداکار پرتھوی راج ، دولارے سلمان ، بیجو مینن ، سورج وینجرامڈو اور دیگر نے بھی انیل کی موت پر سوگ کا اظہار کیا ہے۔