کورونا وائرس سے 82 مریضوں کی موت

Taasir Urdu News Network |  New Delhi  (India)  on  04-December-2020

نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس ’کووِڈ۔19‘ کی وبا میں کمی درج ہو رہی جو راحت کی بات ہے۔ راحت کی بات یہ بھی ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں میں نئے کیسز کے مقابلے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد زیادہ درج کی گئی ہے۔ جمعرات کو دہلی میں فعال کیسز مزید 1,182 کم ہو کر 29,120 رہ گئے۔ دہلی کے محکمہ صحت کی جانب سے آج جاری بلیٹن کے مطابق دہلی میں اس دوران 3,734 نئے کیسز کے سامنے آنے کے بعد متاثرین کی کل تعداد 5,82,058 ہو گئی جبکہ 4,834 مریضوں کے صحت یاب ہونے سے فعال کیسز میں کمی آئی ہے اور کورونا سے نجات پانے والوں کی تعداد 5,43,514 ہو گئی ہے۔ کورونا کی ریکوری شرح 93.37 فیصد ہوگئی ہے۔ اس دوران 82 مریضوں کی موت ہونے سے ہلاکتوں کے اعداد و شمار 9424 ہو گئے ہیں جو کافی تشویشناک مانا جا رہا ہے۔ دارالحکومت میں شرح اموات محض 1.61 فیصد ہو گئی ہے۔ ہلاکتوں کے معاملے میں دہلی ملک میں چوتھے نمبر پرہے۔دارالحکومت میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 75,230 سیمپل کا ٹیسٹ کیا گیا۔ اسی کے ساتھ اب تک ہوئے ٹیسٹ کی تعداد بڑھ کر 65 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ فی 10 لاکھ پر ٹیسٹ کا اوسط 3,42,142 ہے۔ دہلی میں کنٹینمنٹ زون کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور یہ تعداد 5759 ہو گئی ہے۔